ابھی تیسری شادی نہیں کی،اس حوالے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں

چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی ٹوئٹرپر اپنی تیسری شادی کی خبروں کی تردید مانیکا خاندان کی جانب سے عمران خان کی شادی کی تردید کر دی

بدھ 13 جولائی 2016 10:31

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جولائی۔2016ء) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے ابھی شادی نہیں کی شادی سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ منگل کو اپنی شادی کی خبریں سامنے آنے پر سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میری شادی سے متعلق گردش کرنیوالی خبریں افواہ ہیں۔ میں جب بھی شادی کروں گا تو اعلان کروں گا، انہوں نے کہا کہ جب شادی کروں گا تو عوام کے ساتھ ملکر خوشی مناؤں گا۔

ادھر عمران خان کی تیسری شادی کی خبروں کوتحریک انصاف کے علاوہ مانیکا خاندان کے سابق ایم این اے احمد رضا مانیکا نے بھی تردید کر دی‘احمد رضا مانیکا کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مانیکا خاندان کی کسی لڑکی سے شادی نہیں کی‘ کہا جا رہا تھا کہ عمران خان کی تیسری شادی خاور مانیکا کی سالی مریم سے ہوئی ہے لیکن خاور مانیکا کی کوئی سالی ہے ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مانیکا فیملی کے اہم رکن سابق ایم این اے احمد رضا مانیکا نے عمران خان کی مانیکا فیملی میں تیسری شادی کے چرچوں کے حوالے سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی مانیکا خاندان کی کسی لڑکی سے کوئی شادی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا تھا کہ عمران خان کی تیسری شادی خاور مانیکا کی سالی مریم سے ہوئی ہے لیکن احمد رضا مانیکا نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

احمد رضا مانیکا کا کہنا ہے کہ خاور مانیکا کی کوئی سالی ہی نہیں ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے بھی ان خبروں کی تردید کی ہے اور کہا کہ پاکپتن کی مانیکا فیملی سے عمران خان کی روحانی وابستگی ہے اور شادی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایسی اطلاع ہوئی تو میڈیا کو مطلع کریں گے۔قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔عمران خان نے شادی سے متعلق تمام ذمہ داری اپنی بہنوں کو سونپ رکھی ہے۔ جبکہ ان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے شادی کی نہ تو پہلے بات کی اور نہ اب مجھے ان باتوں کا کوئی علم نہیں.