ہندو ہونے کے باوجود 2 سال سے رمضان کے روزے رکھ رہی ہوں، بھارتی اداکارہ

جب سے روزے رکھنا شروع کیے تو زندگی میں خوشگوار تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں، ماہی وج

منگل 12 جولائی 2016 10:36

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جولائی۔2016ء) بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ ماہی وج نے کہا ہے کہ روزے رکھنے سے دلی سکون ملتا ہے اسی لیے ہندو ہونے کے باوجود 2 سال سے رمضان المبارک میں روزے رکھ رہی ہوں۔بھارتی ٹی وی اداکارہ ماہی وج نے معروف ڈرامے”لگی تجھ سے لگن“ سے شہرت حاصل کی جس کے بعد جلد ہی چھوٹی اسکرین پر قدم جمانے میں کامیاب ہوگئی ہیں جب کہ اداکارہ ایک اور ٹی وی سیریل ”بالیکا ودھو“ میں بھی اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے لیکن اب ان کے ایک بیان نے پورے بھارت کے ہندووٴں کوحیران کردیا ہے۔

بھارتی اداکارہ ماہی وج کا کہنا تھا کہ ہندو ہونے کے باوجود 2 سال سے رمضان المبارک میں روزے رکھ رہی ہوں اور مسلمانوں کی طرح سحرو افطار کا باقاعدہ اہتمام کرتی ہوں جس سے مجھے دلی سکون ملتا ہے جب کہ روزے کے دوران بھوک محسوس نہیں ہوتی بلکہ خود کو ترو تازہ محسوس کرتی ہوں۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے کہا مجھے لگتا ہے کہ اللہ مجھ سے یہی چاہتا ہے کیوں کہ جب سے روزے رکھنا شروع کیے ہیں تو زندگی میں خوشگوار تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں جس کے بعد رمضان میں روزے رکھنے کو زندگی کا لازمی حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں سلور اسکرین کے علاوہ ٹی وی انڈسٹری میں بھی اداکار رمضان المبارک میں افطار پارٹیوں کا انعقاد کرتے ہیں جہاں نامور اداکار روایتی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :