مقبوضہ کشمیر میں حالات دوسرے روز بھی کشیدہ، بھارتی فوج کی بربریت سے شہید افراد کی تعداد 21ہو گئی

بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے ، وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے وعدے پورے کرے ، بھارتی فوج اپنی بربریت کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کروا سکتی وزیراعظم نوازشریف ،ترجمان دفتر خارجہ ، خورشید شاہ ، عمران خان اور دیگرکا مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر ردعمل کااظہار

پیر 11 جولائی 2016 10:18

سری نگر/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جولائی۔2016ء ) تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے مظاہروں پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 21ہو گئی جب کہ ریاست کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی میں کرفیو نافذ کر کے حریت رہنماں کو گھروں میں نظر بند کررکھا ہے۔

اتوار کوبھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے رہنما برہان وانی کی 2ساتھیوں سمیت شہادت کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر کے کئی علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جب کہ سری نگر، کپواڑہ اور پلوامہ سمیت وادی بھر میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔بھارتی فوج نے ریاست کے متعدد علاقوں میں کرفیو بھی نافذ کررکھا ہے جب کہ حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے برہان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کے اعلان کے بعد بھارتی قابض فوج نے یاسین ملک، شبیرشاہ، سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظر بند کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی معطل کررکھی ہے۔ دوسری جانب کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوا جس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے کوکرناگ میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان حریت پسند کمانڈر برہان وانی اپنے 2ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔

برہان وانی کے آبائی قصبے ترال میں ان کے جنازے کے بعد ہزاروں کشمیری نوجوانوں نے بھارت سے آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت مخالف ریلیاں بھی نکالی گئیں جس پر قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 21کشمیری شہید اور 90سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 21کشمیریوں کی شہادت اور حریت رہنماؤں کی گھروں میں نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے،ایسیاقدامات کشمیریوں کوان کے حق خودارادیت کے مطالبے سے روک نہیں سکتے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اپنی بربریت کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کروا سکتی، ایسی کارروائیاں کشمیری عوام کے حقوق سلب کرنے کے مترادف اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، کشمیری قائدین اور شہریوں کا قتل بھارتی ظلم اور جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ادھر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا غیرقانونی استعمال افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنما برہان وانی کے قتل کیخلاف مظاہرے کرنے والے شہریوں پر بھارتی افواج کی فائرنگ اور تشدد بھی قابل مذمت ہے۔وزیر اعظم نوازشریف نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں پر ریاستی طاقت کے غیرقانونی استعمال جیسے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنماں کی مسلسل نظربندی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے وعدے پورے کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ذمہ داریاں پوری کرے۔ عمران خان نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کشمیر کے حوالے سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہا ہے۔ اتوار کو بھارتی مظالم کے خلاف اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مخصوص تعریف عالمی امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے، بھارت ریاستی جبر کے ذریعے کشمیریوں کو غلام بنانے کی بجائے انکی امنگوں کا احساس کرے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کشمیری بھائیوں کی تاریخی اور بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، پیپلز پارٹی بھارتی مظالم کے شکار نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔مقبوضہ کشمیرمیں18بیگناہ کشمیریوں کی شہادت پربلاول بھٹو زرداری نے بھی اظہارمذمت کیااور کہا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں اٹھارہ کشمیریوں کی شہادت پراپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا ہیکہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی ایک جیسی حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر آواز بلند کرے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی