دھرنا مسائل کا حل نہیں، اپوزیشن ملک کی خدمت کرے،نوازشریف

پہلے کی طرح فعال ،ملک کی خدمت کے لئے کام کرتا رہوں گا عبدالستار ایدھی قوم کے ہیرو ہیں ،انکے لئے اعزاز کا اعلان مشاورت سے کریں گے،لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے مختصر گفتگو

اتوار 10 جولائی 2016 11:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جولائی۔2016ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دھرنا مسائل کا حل نہیں ہے، اپوزیشن کو چاہئے کہ ملک کی خدمت کر ے ،پہلے کی طرح فعال ہوں ،ملک کی خدمت کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ہفتہ کے روز لندن سے وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں اللہ کے فضل و کرم سے صحتمند اور پہلے کی طرح فعال ہوں اور ملک کی خدمت کے لئے کام کرتا رہوں گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے دھرنوں کی سیاست سے ملک کو نقصان ہوتا ہے اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ ملک کی خدمت کرے،پہلے بھی لوگ دھرنے دے چکے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کی توقعات پر پورا تروں گا ۔ ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا عبدالستار ایدھی کی خدمات قابل تحسین ہیں وہ پوری قوم کے ہیرو ہیں عبدالستار ایدھی کے لئے اعزاز کا اعلان مشاورت سے کریں گے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ انہیں ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنا آتا ہے ملک کو پیھچے نہ دھکیلا جائے سب کو مل کر ملک کو آگے لے کر چلنا ہے ۔