کراچی،عیدالفطرکے موقع پر100ارب روپے کی خریداری،غیرملکی ملبوسات اوردیگراشیاء فروخت

ہفتہ 9 جولائی 2016 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2016ء) عیدالفطر کے موقع پر عید کی صبح تک شہریوں کی جانب سے عیدکی خریداری عروج پر رہی جس کی وجہ سے بیرون ممالک سے درآمد کردہ 80فیصد سے بھی زائدسامان بالخصوص ملبوسات،جوتے اور دیگر ضروری اشیاء فروخت ہوگئیں اور ایک اندازے کے مطابق کرا چی میں عید کے موقع پر100ارب روپے سے بھی زائد کی خریداری کی گئی ۔ شہریوں نے عید کی مناسبت سے اشیاء کی خریداری کیلئے مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز کا جس کی وجہ سے شہر بھرکی تمام ہی مارکیٹیں عید کی صبح تک کھلی رہیں اور بیشتر دکانیں تو عید کی نماز کے بعد بھی کھلی رہیں اور لوگ خریداری کرتے دکھائی دیئے۔

ماہ رمضان کے آخری دن صبح نماز فجر تک مارکیٹوں میں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی، چاند رات کو شہر کے بڑے بازار اور مارکیٹس بشمول صدربوہری بازار،حیدری،طارق روڈ،بہادر آباد،لیاقت آباد،جامع کلاتھ،حیدری،کلفٹن، ملیرلیاقت مارکیٹ،ناظم آباد،بولٹن مارکیٹ،صدر عبداللہ ہارون روڈ،لائٹ ہاوٴس اور دیگر خریداری کے بڑے مراکز رہے۔

(جاری ہے)

ماہ رمضان کے آخری روز ارجنٹ کپڑوں کی سلائی کے لئے کاریگروں نے فی سوٹ 1500 سے2000روپے تک سلائی وصول کی ۔

خواتین نے سلے ہوئے ملبوسات، جیولری ودیگر تحفے تحائف خریدنے کو ترجیح دی جبکہ خریداروں میں زیادہ تر نوجوان دکھائی دیئے جوکہ نت نئے ڈیزائن کے ملبوسات،پینٹ ، شرٹس اور جوتے عید کی صبح تک خرید تے رہے۔اسی طرح حجام کی شاپس پر بھی بال کٹوانے کیلئے لوگوں کا جم غفیر تھا ۔اس عید پرپوش علاقوں ڈیفنس،بہادر آباد،طارق روڈ،کلفٹن کی رہائشی خواتین بھی چاند رات کو صبح تک اپنی من پسند بوتیک سے خریداری کرتی دکھائی دیں،ان بوتیک پر بھی خواتین کا رش رہا،عام مارکیٹوں کے مقابلے میں بوتیکس پر وہی سوٹ 300فیصدزائد قیمتوں پر فروخت کیا گیاجبکہ جنید جمشید،عامرلیاقت،شاہد آفریدی اوردیگرافراد نے اپنی شہرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے نام سے قائم بوتیک پرلاگت کے مقابلے میں انتہائی مہنگے داموں شلوار قمیض سوٹ کی فروخت کرکے شہریوں کی جیبوں سے کروڑوں روپے زیادہ نکلوا لئے ۔

روا ں سال چھوٹے وبڑے تاجروں نے بینکوں،مالیاتی اداروں،درآمدکنندگان اور سرمایہ کاروں سے قرضہ حاصل کرکے90ارب روپے مالیت کے400 آئٹمزکے ہزاروں کنٹینرز میں درآمدکئے جن میں شوز،بچکانہ ریڈی میڈ گارمنٹس،خواتین ملبوسات،مردانہ پینٹ وشرٹ،مصنوعی جیولری شامل تھے اور یہ سال کاروباری افرادکیلئے خوشیوں کا پیغام لایاکیونکہ ماہ رمضان المبارک میں پچھلے سالوں کی نسبت امن وامان کے حالات قدرے بہتررہے اس لئے عید سیزن بھی زبردست رہا ۔

متعلقہ عنوان :