وزیراعلیٰ نے اچانک اپنا ہیلی کاپٹر قادرآباد کے قریب ساہیوال کول پاور پلانٹ کی سائٹ پر اتار لیا ، 1320 میگا واٹ بجلی منصوبے کا غیر اعلانیہ دورہ

وزیر اعلی ہیلی کاپٹر سے اتر کر وہاں موجود کلٹس کارمیں بیٹھ گئے، منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا ،چینی انجینئر ز اور مزدور حیران رہ گئے وزیر اعلی کا منصوبے پر کام کی رفتار پر گہرے اطمینان کا اظہار ،چینی انجینئرز اور مزدوروں کو شاباش دی یوں لگتا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر ”جن “ کام کر رہے ہیں ، منصوبہ وقت سے کہیں پہلے مکمل ہو گا :شہباز شریف

ہفتہ 9 جولائی 2016 11:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2016ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے دورے کے بعد واپسی پر اچانک اپنا ہیلی کاپٹر قادرآباد کے قریب ساہیوال کول پاور پلانٹ کی سائٹ پر اتار لیا اور 1320 میگا واٹ کے بجلی کے اس منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا-وزیر اعلی ہیلی کاپٹر سے اتر کر وہاں موجود کلٹس کارمیں بیٹھ گئے اور منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا -وزیر اعلی شہباز شریف کے اچانک دورے سے منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینئر ز اور مزدور حیران رہ گئے - وزیر اعلی نے کول پاور پلانٹ کے کولنگ ٹاور کا معائنہ کیا - بعد میں وزیر اعلی نے منصوبے کے مختلف حصے دیکھے - وزیر اعلی نے منصوبے پر کام کی رفتار پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اورچینی انجینئرز اور مزدوروں کو شاباش دی- وزیر اعلی کو چینی انجینئرز اور منصوبے کے سربراہ مسٹر سانگ نے بریفنگ بھی دی- وزیر اعلی نے نہر پر بنائے جانے والے پل اور ریلوے لائن کا بھی معائنہ کیا-اس موقع پر وزیر اعلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بغیر کسی شیڈول کے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے دورے پر آیا ہوں اور مجھے انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ اس منصوبے پر انتہائی تیز رفتاری سے دن رات کام جاری ہے - یوں لگتا ہے کہ یہاں ” جن“ کام کر رہے ہیں -بلا شبہ جس تیز رفتاری سے اس منصوبے کو آگے بڑھایا گیا ہے اس پر میں چینی انجینئرز کے ساتھ قوم کو مبارکباد دیتا ہوں - انشاء اللہ یہ منصوبہ اپنی مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل ہو گا اور پاکستان میں اندھیرے دور کرنے میں ممدومعاون ثابت ہو گا-وزیر اعلی نے کہا کہ ملک سے اندھیرے دور کرنے کی ہماری کاوشیں کامیاب ہوں گی اور محنت کا پھل جلد پکے گا-وزیر اعلی نے چینی انجینئرز اور مزدوروں سے ہاتھ ملایا اور ان کی محنت کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا-مسٹر سانگ اور چینی انجینئرز نے وزیر اعلی شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی -وزیر اعلی کا یہ دورہ اس قدر غیر اعلانیہ تھا کہ ساہیوال کی انتظامیہ اور میڈیا بھی بے خبر رہے -

متعلقہ عنوان :