جان کیری نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو ڈھاکا کے ریسٹورنٹ پر حملے کی تحقیقات میں معاونت کی پیشکش کردی

منگل 5 جولائی 2016 11:07

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جولائی۔2016ء) امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو ڈھاکا کے ریسٹورنٹ پر حملے کی تحقیقات میں معاونت کی پیشکش کردی۔دوسری جانب بنگلہ دیشی پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ کس طرح دولت مند اور پڑھے لکھے نوجوان شدت پسندی کی جانب مائل ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے کو ڈھاکا کے ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے تمام 6 حملہ آور مقامی تھے اور یہ پریشان کن امر ہے کہ اب تک مستحکم سیکولر جمہوری ملک سمجھے جانے والے بنگلہ دیش میں کس طرح شدت پسندانہ نظریات پروان چڑھ رہے ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی، تنظیم نے پانچ جنگنجووٴں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان حملے میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بنگلہ دیشی وزیر داخلہ اسد الزماں خان نے ان دعووٴں کو مسترد کردیا اور حملے کی ذمہ داری مقامی شدت پسند تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) پر عائد کی ہے۔جے ایم بی بنگلہ دیش میں داعش کی نمائندگی کا دعویٰ کرتی ہے تاہم اس کے داعش کے ساتھ روابط کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

امریکی اسٹیٹ سیکریٹری جان کیری نے بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کو ٹیلی فون کیا اور اس حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) کی معاونت کی پیش کش کی۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق جان کیری نے بنگلہ دیشی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات عالمی معیارات کے مطابق کرے اور اس سلسلے میں انہوں نے ایف بی آئی سمیت دیگر امریکی اداروں کی معاونت کی پیشکش کی۔

اسد الزماں خان نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو انٹرویو میں بتایا کہ گھر بیٹھے شدت پسند بننے والے افراد حالیہ دنوں میں اقلیتوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈھاکا ریسٹورنٹ کے 6 میں سے 3 حملہ آور گزشتہ چھ ماہ سے لاپتہ تھے۔حملہ آوروں نے کیفے کو نشانہ بنایا اور وہاں موجود افراد کو یرغمال بنالیا تھا، انہوں نے مقامی افراد اور غیر ملکیوں کو علیحدہ کیا اور پھر 20 افراد کو قتل کردیا۔سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 حملہ آور مارے گئے تھے جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا جو اس وقت ہسپتال میں ہے۔