سربیا میں مسلح شخص کی کیفے میں فائرنگ‘ ناراض بیوی سمیت پانچ ہلاک

پیر 4 جولائی 2016 10:32

بلغراد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جولائی۔2016ء)بلغراد کے زیٹسٹی ٹاؤن کے کیفے میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی ناراض بیوی اور اس کے دوستوں سمیت پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلغراد کے زیٹسٹی ٹاؤن کے کیفے میں فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ مسلح شخص کی زیڈ ایس کے نام سے شناخت ہوئی۔

وہ ناراض بیوی اور دوسری خاتون کے ساتھ کیفے میں داخل ہوا تھا۔ اس نے کیفے میں فائرنگ سے قبل بیوی اور دوسری عورت کو بھی قتل کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے مسلح شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور نے پہلے ہوائی فائرنگ کی تھی۔

(جاری ہے)

سربیا کے وزیر داخلہ نیبوسا اسٹفانووچ کا کہنا تھا کہ مسلح شخص نے غیرقانونی خودکار اسلحہ استعمال کیا۔ نیبوسا اسٹفانووچ نے بتایا کہ وہ کیفے میں فائرنگ کے بعد بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم وہاں موجود لوگوں نے مسلح شخص سے اسلحہ چھین کر اس کو پکڑ لیا۔ فائرنگ کی وجہ ذاتی چپلقش معلوم ہوتی ہے۔ عینی شاہدوں نے سرکاری ٹیلی ویڑن کو بتایا کہ حملہ آور ماکیاتو کیفے میں داخل ہوا اور وہاں اپنی بیوی کو اس کے دوستوں کے ساتھ بیٹھا دیکھا۔ وہ یہ دیکھ کر واپس پلٹا اورگھر سے بندوق لے کر آ گیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کرد ی جس کی وجہ سے ہلاکتیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے