کراچی،ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی کارروائی، اے ٹی ایم ڈیٹا چوری کرنے والا چینی باشندہ گرفتار، دوسرا ملزم فرار

اتوار 3 جولائی 2016 11:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جولائی۔2016ء) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم ڈیٹا چوری کرنے والا چینی باشندہ ژی ای کو گرفتار کر لیا جب کہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے اے ٹی ایم کا ڈیٹا چوری کرنے والے چینی باشندے ژی ای کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم ڈیٹا کی چوری کے لیے اے ٹی ایم مشین پرنصب کی گئی اسکمنگ ڈیوائس نکالنے آیا تھا کہ ایف آئی اے حکام نے اْسے گرفتار کر لیا تا ہم اْس کا شریک مجرم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

اے ایف آئی حکام کے مطابق گرفتار ملزم ”ژی ای ” اے ٹی ایم مشینوں سے ڈیٹا چوری کرنے والے بین الاقوامی گروہ کا رکن ہے جو اے ٹی ایم میموری کارڈ کاچوری شدہ ڈیٹا بیرون ملک منتقل کرتے ہیں،ملزم نے اسکمنگ ڈیوائسز اے ٹی ایم کارڈ اور سیکرٹ پن انٹری پوائنٹس پر نصب کی تھیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے گروہ کے طریقہ واردات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ اسکمنگ ڈیوائز کے ذریعے منتقل کردہ ڈیٹا کی مدد سے صارف کا جعلی اے ٹی ایم کارڈ تیار کیا جاتا ہے جس کے بعد جعلی کارڈ اورسیکرٹ پن کوڈ کی مدد سے صارف کے اکاوٴنٹ سے رقم نکالی اور خریداری کی جاتی ہے۔

ایف آئی اے نے گرفتار چینی باشندے کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے مختلف مقامات پر چھاپے مار جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :