سیکرٹری خارجہ سے رچرڈ اولسن کی ملاقات ، بارڈر مینجمنٹ ، پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال ،رچرڈ اولسن نے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر دی ،دفتر خارجہ

اتوار 3 جولائی 2016 11:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جولائی۔2016ء ) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس دوران پاک افغان بارڈر مینجمنٹ ، پاک امریکہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، رچرڈ اولسن نے بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر دی ۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات ، افغانستان کی صورتحال ، خطے کی مجموعی صورتحال اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پر بات چیت کی گئی ۔ رچرڈ اولسن نے پاکستان کی افغانستان میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا اور بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ۔ رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ ضرورت ہے افغان مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجا جائے ۔ 30 سال سے پاکستان نے افغان مہاجرین کو پناہ دی ۔ پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کردار قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کیسز میں نمایاں کمی پر پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔ باہمی دلچسپی کے امور پر پاک امریکہ تعاون جاری رہے گا ۔