ڈھاکہ میں پاکستانی سفارتی عملہ اور اہلکار محفوظ اور خیریت سے ہیں ،ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 2 جولائی 2016 10:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جولائی۔2016ء )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی سفارتی عملہ اور اہلکار محفوظ اور خیریت سے ہیں ۔جمعہ کو ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں مسلحہ افراد کے معروف کیفے پر حملے کے بعد دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جاری بیان میں کہا کہ ڈھاکہ میں پاکستانی سفارتی عملہ اور اہلکار محفوظ اور خیریت سے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطہ کر کے معلومات لی ہیں ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے ڈپلومیٹک ایریا میں مسلح افراد نے ایک معروف کیفے میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں2غیر ملکی ہلاک اور 30افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آوروں نے کئی غیر ملکیوں سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کے اخبار ڈیلی سٹار نے اطلاع دی ہے کہ خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس حملہ آور ہولی آرٹیشن بیکری میں داخل ہوئے اور انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

اطلاع ملنے پر سپیشل فورسز کے دستے موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے ریسٹورنٹ کو گھیرے میں لے لیاجبکہ سفارتی علاقے کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح افراد کے حملے میں 2سفارتی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :