کارکن صارفین کو اوور بلنگ سے بچانے کیلئے موبائل میٹر ریڈنگ کو کامیاب بنائیں، خواجہ آصف

اچھی کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے ملازمین کو عزازی بونس دیا جائے گا کارکنوں کی اپ گریڈیشن کیلئے اگلے ماہ یونین کیساتھ اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے، وفافی وزیر کی مزدور راہنما خورشید احمد کی قیادت میں سی بی اے وفد سے ملاقات

جمعہ 1 جولائی 2016 10:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے واپڈا کارکنوں کو تلقین کی ہے کہ وہ صارفین کو اوور بلنگ سے محفوظ کرنے اور بجلی چوری روکنے کیلئے موبائل میٹر ریڈنگ کے تجربے کو کامیاب بنائیں، بہترین اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کے ملازمین کو اعزازی بونس اور مراعات دی جائیں گی، حکومت واپڈا کارکنوں کی مشکلات اور قربانیوں سے آگاہ ہے، یونین کے دیگر مطالبات پر بھی غور کیا جائے گا۔

اس امر کا اظہار وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے گذشتہ روز آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد کی سر براہی میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں یونین کے مرکزی جوائنٹ صدر حاجی محمد رمضان خان اچکزئی ، آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ،حاجی ظاہر گل، اسامہ طارق، سید رقیب شاہ اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

(جاری ہے)

خورشید احمد نے وفاقی وزیر کو بجلی کمپنیوں میں دوران کار بڑھتے ہوئے حادثات اور لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور کارکنوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کارکنوں کوبجلی چوری کے تدارک اور ریکوری جیسے فرائض کی انجام دہی کے دوران سکیورٹی اور تحفظ دیا جائے،اکاؤنٹ، لائن، گرڈ، پاور ہاؤسز، سکلڈ/ سیمی سکلڈ اور ٹیکنیکل سٹاف کی اپ گریڈیشن کی جائے اور تمام جنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ملازمین کو بلا امتیاز بطور بونس ایک اضافی اعزازی تنخواہ دی جائے۔

وفاقی وزیرسے ملاقات کے بعد یونین نمائندگان کی وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا کے ساتھ خصوصی میٹنگ ہوئی جس میں یہ طے پایا کہ کارکنوں کی اپ گریڈیشن اور محنتی اور فرض شناس کارکنوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کیلئے اگلے ماہ اجلاس میں یونین کی مشاورت سے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ انہوں نے دوران کار کارکنوں کی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار افسر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یونین نمائندگان کو تمام جائزمطالبات پورے کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ واپڈا کے کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اور مشکل مقامات پر حادثات کا سامنا کر کے قومی تعمیر و ترقی کے اس سب سے بڑے ادارے کو چلارہے ہیں حکومت ان کے مسائل و مشکلات کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔

متعلقہ عنوان :