بھارت نے اسرائیل کے اشتراک سے میزائل تجربہ کرلیا

میزائل کے ذریعے کسی بھی فضائی ہدف کو آسانی سے نشانہ بنایا جاسکے گا،رپورٹ

جمعہ 1 جولائی 2016 10:41

اڑیسہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1جولائی۔2016ء)بھارت نے اسرائیل کے تعاون سے تیار کردہ درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق زمین سے فضا میں مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے اس میزائل کو MR-SAM کا نام دیا گیا ہے اور اسے اسرائیل کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔اس میزائل کو اڑیسہ کے ساحل پر موجود دفاعی اڈے میں چندی پور کے مقام سے صبح 8 بجکر 15 منٹ پر چھوڑا گیا جس نے کامیابی سے تمام اہداف کو حاصل کیا۔

اس میزائل سسٹم میں ملٹی فنکشنل نگرانی اور خطرات کی نشاندہی کرنے والا ریڈار سسٹم بھی موجود ہے جس کے ذریعے دشمن کا سراغ لگانے اور میزائل کی رہنمائی کرنے میں مدد ملے گی۔ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے لیس اس میزائل کے ذریعے کسی بھی فضائی ہدف کو آسانی سے نشانہ بنایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

بھارت کے ڈیفنس ریسرچ ڈیویلپمنٹ لیبارٹری نے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز(آئی اے آئی) کے ساتھ مل کر اس میزائل کو تیار کیا ہے۔

اس طرح کے SR-SAM میزائل 50 سے 70 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتے ہیں اور ہندوستان کے ہتھیاروں کی کھیپ میں موجود میزائلوں کی جگہ لے سکتے ہیں۔ان میزائلوں کو تمام آزمائشیں مکمل ہوجانے کے بعد تینوں مسلح افواج میں شامل کیا جائے گا۔اس سے قبل بھارتی بحریہ نے بھی زمین سے فضا میں طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے LR-SAM میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :