ترکی، استنبول ایئرپورٹ پر خودکش دھماکے، فائرنگ ،درجنوں افراد ہلاک، 147 زخمی

بدھ 29 جون 2016 09:58

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2016ء) ترکی کے شہر استنبول کے ایئرپورٹ پرفائرنگ اور 3خود کش دھماکوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد36ہوگئی جبکہ 147افراد زخمی ہیں۔ حملے اور فائرنگ کے بعد ایئر پورٹ پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ استنبول کے مرکزی ہوائی اڈے پر ہونے والے دھماکوں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آوروں نے ترکی کے مرکزی انٹرنیشنل کے سیکورٹی چیک پوسٹ پر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

دھماکے سے قبل انہوں نے فائرنگ بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے ٹرمینل کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا ہے اور تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ترک وزیر اعظم علی بن یلدرم کا کہنا ہے کہ حملے میں داعش کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق واقعہ میں ہلاک افرادمیں زیادہ ترک اورچندغیرملکی شہری ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق دہشت گرد ائرپورٹ پر پہنچے اور اندھا دھند فائرنگ کردی ترک میڈیا کے مطابق تینوں خودکش حملے استنبول کے بین الاقوامی اتاترک ایئر پورٹ پر کیے گئے۔اب تک کسی بھی تنظیم کی جانب سے دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔