پاکستان ریلوے کا 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرین کا کامیاب تجربہ

تجرباتی ٹرین رائیونڈ سے لودھراں کے درمیان ڈبل ٹریک پر چلائی گئی ہے ، خواجہ سعد رفیق

منگل 28 جون 2016 09:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جون۔2016ء)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کی ایک سو پچاس کلو میٹر فی گھنٹہ سپیڈ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان ریلوے کی مسافر ٹرینیں زیادہ سے زیادہ ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جا رہی ہیں۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ تجرباتی ٹرین رائیونڈ سے لودھراں کے درمیان ڈبل ٹریک پر چلائی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلوے کی مسافر ٹرینیں اس سے قبل زیادہ سے زیادہ ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جا رہی ہیں۔ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سے پشاور کے درمیان مختلف سیکشنز پر ڈبل ٹریک کا کام جاری ہے، جبکہ لودھراں سے خان پور تک نیا ٹریک بچھایا جا رہا ہے جس کے بعد خانپور سے لیاقت پور تک نیا ٹریک بچھایا جائیگا۔ذرائع کے مطابق لاہور سے لالہ موسٰی تک ڈبل ٹریک کا ٹھیکہ ایک غیر ملکی کمپنی کو دیا جا رہا ہے جس کی نگرانی پاکستان ریلوے کرے گا۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ریلوے پروگرام کے تحت لاہور سے کراچی تک کا سفر دس گھنٹے کرنے کی تجویز ہے۔