کوک اسٹوڈیو سیزن 9تیاری کے مرحلے میں داخل ، امجد صابری بھی شریک

ہفتہ 25 جون 2016 10:20


کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء) کوک اسٹوڈیو کا سیزن 9 امجد صابری کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس سیزن میں امجد صابری مرحوم بھی پرفارم کرتے نظر آئیں گے جس میں انہوں نے راحت فتح علی خان کے ہمراہ 'آج رنگ ہے 'قوالی پڑھی ہے اور غالبا امجد صابری کی یہ آخری اسٹوڈیو ریکارڈنگ ہے۔
اس سیزن میں اسٹرنگز کے بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ بطور ایگزیکٹو پروڈیوسرز مختلف طرز کے میوزک ڈائریکٹرز کو اس پلیٹ فارم پر اکھٹا کریں گے جو مختلف اصناف کی میوزک تیار کریں گے ۔

اس میں میوزک انڈسٹری کے بعض ممتاز اور مشہور ناموں میں نوری، شانی ارشد، جعفر زیدی، شیراز اپل، فاخر محمود اور شجاع حیدر شامل ہیں۔
اگرچہ امجد صابری کوک اسٹوڈیو کے پچھلے سیزنوں کا حصہ نہیں رہے مگر گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں عاطف اسلم نے غلام فرید صابری اور مقبول احمد صابری کی پڑھی جانے والی تاجدار حرم کا کلام بطور عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس کلام کی پیشکش میں امجد صابری نے بھی کوک اسٹوڈیو کی مدد کی تھی ۔ تاجدار حرم کو دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی اور صرف ڈیجیٹل میڈیا پر ہی اسے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد ملاحظہ کرچکے ہیں۔ رواں سال مئی میں ریکارڈنگ کے دوران اپنے قوالی کے بارے میں مرحوم امجد صابری نے بتایا، "تقریبا 40 سال قبل میرے والد اور نصرت فتح علی خان نے یہ کلام کراچی میں ایک درگاہ پر پڑھا تھا اور اب راحت اور میں اس کو (کوک اسٹوڈیو 9 میں) دوبارہ پڑھ رہے ہیں۔

"
اس ڈائریکشن اور پروڈکشن کی ٹیم کو سیزن 9میں شاندار گلوکاروں کی معاونت حاصل ہوگی ۔ ان میں سے بہت سے گلوکاروں نے گذشتہ سالوں میں بھی کوک اسٹوذیو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ متعدد ابھرتے ہوئے اور با صلاحیت گلوکار بھی پہلی مرتبہ کوک اسٹوڈیو میں اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے۔ کوک اسٹوڈیو میں قومی شہرت کی حامل گلوکار عابدہ پروین ، راحت فتح علی خان ، صنم ماروی ، سائیں ظہور ، علی عظمت ، نوری ، زیب بنگش اور میشا شفیع ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اس سیزن میں بھی پرفارم کریں گے ۔

کوک اسٹوڈیو میں پہلی مرتبہ گلوکاری کرنے والوں میں شلپا راؤ ، محوش حیات ، مومنہ مستحسن،نتاشا خان، علی خان، رضوان بٹ، باسط ، ریچل وکا جی، نرمل روئے اور قوالی کے استاد امجد صابری شامل ہوں گے۔
رضوان یو خان ، جنرل منیجر ، کوکا۔ کولا پاکستان نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ، ” کوک اسٹوڈیو 9 موسیقی کے شعبے میں کوکا۔ کولا کی حکمت عملی کا حقیقی مظہر ہے ۔

سیزن 9کوکا۔ کولا کی ثقافتی برتری کو مزیداستحکام فراہم کرے گا ۔ کوک اسٹوڈیو میں موسیقی کے مختلف انداز کو اپناتے ہوئے ہم آج کے نوجوانوں سے بڑہتے ہوئے فاصلوں کو مٹانے کیلئے کوشاں ہیں۔ یہ انتہائی دکھ کا مقام ہے کہ امجد صابری بذات خود اگست میں نشر ہونے والے سیزن 9 کے موقع پر ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے۔ ان کی کمی ایک بڑا قومی نقصان ہے۔"
اسٹرنگس نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ،” ہم نے ہمیشہ شراکت کو ترجیح دی ہے کیونکہ اس طرح موسیقی کی صنعت کو ترقی ملتی ہے ۔

سیزن 8 کو ملنے والی بھر پور پذیرائی کے بعد ہم نے پاکستان کے صف اول کے 6 میوزک ڈائریکٹرز کو کوک اسٹوڈیو کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ۔ سیزن 7 کے بعد سے ہی ہمارا عزم یہ تھا کہ اپنی موسیقی کی صنعت سے منسلک زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کریں اور اس پلیٹ فارم کو اجتماعی کامیابی کا ذریعہ بنا دیں ۔ جب ہم نے یہ خیال کوکا۔کولا کو پیش کیا تو انہیں یہ بہت پسند آیا اور انہوں ہمیں بھرپور تعاون فراہم کیا۔

یہ ایک چیلنجنگ کام تھا جس میں ہر قدم پر ہماری رہنمائی درکار تھی لیکن اس سمت میں پہل کرنے پر آج ہم بہت مطمئن ہیں ۔
سالہا سال میں کوک اسٹوڈیو کو عوام خصوصاََ نوجوانوں سے ملنے والی گہری جذباتی وابستگی کا مظہر ڈیجیٹل میڈیا پر ملنے والی پذیرائی ہے جس میں 63 لاکھ پرستار فیس بک پر موجود ہیں، 17 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے یو ٹیوب پر کوک اسٹوڈیو دیکھا ہے جبکہ 75 لاکھ سے زائد لوگوں نے آڈیو اسٹریم کی ہے۔

اس کو 150 ملکوں میں رہنے والے مداحوں نے دیکھا ہے جبکہ 20 ممالک میں اس کو برآمد کیا گیا ہے۔ پاکستان میں یہ موسیقی کی صنعت سے منسلک لوگوں کو بشمول گلوگاروں ، پلے بیک سنگرز ، موسیقاروں ، پروڈیوسرز ، نغمہ نگاروں اور تیکنیکی افراد کو شہرت فراہم کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :