آصف زرداری کی سینیٹر جان میکین سے ملاقات ، پاک امریکہ ، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت

سابق صدر کا پاکستان کو F-16طیاروں کے حصول میں جان میکین سے تعاون کا مطالبہ

ہفتہ 25 جون 2016 10:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جون۔2016ء)سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے لاس اینجلس میں سینیٹر جان میکین سے ملاقات کی ہے جس میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی ۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے پاکستان کو F-16طیاروں کے حصول میں سینیٹر جان میکین سے تعاون کا مطالبہ کیااور کہا کہ دہشت گردی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی ُدنیا کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے جس کے خلاف جنگ کیلئے F-16طیاروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے پاکستان کو بھی امریکہ کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے نتیجہ میں بہت نقصانات اٹھائے ہیں اور اس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عوام اور سپاہیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اورپاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے پر عزم ہے ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے جمہوریت کے تسلسل کی ضرورت پر اتفاق کیا ۔