آئی سی سی نے کرکٹ کو آئندہ ا ولمپکس میں شامل کر نے کی خبروں کی تردید کر دی

اگر ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ دو سال بعد کرانے کا فیصلہ کیا گیا تو اس صورت میں یہ مشکل ہو جائے گا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں بھی شامل کیا جائے،ہیڈ ٹم اینڈرسن

جمعہ 24 جون 2016 10:29

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جون۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کی خبروں کی تردیدکی ہے۔اس بارے میں آئی سی سی کے گلوبل ڈویلپمنٹ سیل کے ہیڈ ٹم اینڈرسن نے کہا ہے کہ اگر ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ دو سال بعد کرانے کا فیصلہ کیا گیا تو اس صورت میں یہ مشکل ہو جائے گا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں بھی شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہر دو سال بعد ورلڈ کپ کا انعقاد کیا گیا تو آئندہ اولمپکس سے اس کی تاریخٰیں متصادم ہو سکتی ہیں اس لئے یہ مشکل ہے کہ دو بڑے ایوانٹس کو ایک ہی وقت میں کروایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی اولمپکس ایسو سی ایش کی مینجمنٹ سے بھی بات ہوئی ہے۔یہ بڑا اہم فیصلہ ہے۔فی الحال اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ کرکٹ کو اگلے اولمپکس میں شامل کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ خبریں آئی تھیں کہ آئندہ اولمپکس میں ٹی ٹونٹی کرکٹ کو شامل کیا جا سکتا ہے اور اس کیلئے بات چیت ہو رہی ہے۔