سعودی عرب میں 9چینی باشندوں نے امام مسجد کے روئیے سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا

بدھ 22 جون 2016 10:42

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جون۔2016ء)سعودی عرب میں 9چینی باشندوں نے مسجد کے امام اور علاقے کے مسلمانوں کے روئیے سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتہ قبل یہ چینی مزدورمسجد کے قریب سڑک کنارے کارٹن کے ڈبوں پر سو رہے تھے کہ امام مسجد ڈاکٹر ولید عجاجی اور دیگر اہل علاقہ انہیں مسجد میں لے آئے اور مسجد کے صحن میں انہیں رہائش کے لیے مناسب جگہ فراہم کی اور ان کے لیے کھانے پانی کا انتظام کیا۔

غیرمسلم ہونے کی وجہ سے پہلے تو یہ مزدور کچھ خوفزدہ تھے۔ وہ سمجھ رہے تھے کہ مسلمان ان کے ساتھ لازما برا سلوک کریں گے لیکن جب ان کے ساتھ انتہائی ہمدردانہ سلوک کیا گیا تو وہ اس پر بہت حیران ہوئے۔ امام مسجد نے ان مزدوروں کی چینی سفارتخانے سے رابطہ کرنے میں بھی مدد کی تاکہ سفارتخانہ ان کی بحفاظت واپسی کے انتظامات کر سکے۔

(جاری ہے)

مسلمانوں کے اس قدر حسن سلوک پر مزدور اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے اسلام قبول کر لیا۔

امام مسجد ڈاکٹر ولید کا کہنا تھا کہ یہ مزدور ایک کمپنی میں کام کرتے تھے۔ کمپنی کے مالک نے انہیں کچھ ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی تھیں اور ان کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا تھا۔ ان لوگوں نے ان مزدوروں کے سامنے مسلمانوں کا انتہائی برا تشخص اجاگر کیا، مگر جب وہ ہمیں یہاں ملے اور ہم انہیں مسجد میں لے کر آئے اور ان کی مدد کی تو مسلمانوں کے متعلق ان کی سوچ تبدیل ہو گئی اور وہ حلقہ اسلام میں داخل ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :