وزارتِ داخلہ کاملزمان کے ویڈیو بیانات کا ٹی وی چینلز پر نشر ہونے پر پیمرا سے رابطہ

منگل 21 جون 2016 09:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جون۔2016ء) وزارتِ داخلہ نے تفتیشی عمل کے دوران ملزمان کی ویڈیوز نشر ہونے پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس طرح کی ویڈیوز پر تبصروں کو تفتیشی عمل میں بے جا مداخلت اور ملزمان کے میڈیا ٹرائل سے تشبیہ دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کی رپورٹنگ آزادیِ رائے اور صحافت کے مروجہ اصولوں کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

وزارتِ داخلہ نے پیمرا سے استدعا کی ہے کہ وہ ٹی وی چینلز کو پابند کرے کہ وہ اس طرح کے معاملات کی حساسیت کو مدِنظر رکھیں اور خفیہ نوعیت کی خبر نشر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ چینلز کا یہ عمل نہ صرف تفتیشی مراحل کو نقصان پہنچانے کاسبب بنتا ہے بلکہ عدالتی کاروائی پر بھی اس کا منفی اثر پڑتا ہے۔مزید براں، تجزیہ نگاروں اور اینکرز کی غیر پیشہ وارانہ اور غیر ذمہ دارانہ تجزئیے تفتیشی اور عدالتی نظام پر منفی اثرات مرتب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

وزارتِ داخلہ نے پرائیویٹ ٹی وی چینلز پر اس بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کے لیے پیمرا قوانین میں تر میم کی سفارش کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔ وزاتِ داخلہ کی تجاویز کو اتھارٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور قانونی ماہرین سے اس بارے میں مشاورت بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :