این ایس جی کے رواں ہفتے کے ایجنڈے میں بھارت پر بحث شامل نہیں ہے،بھارت نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کر رکھے اس لئے وہ اس رکنیت کا اہل نہیں،چین

منگل 21 جون 2016 10:15

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جون۔2016ء) چین نے کہا ہے کہ جوہری ٹیکنالوجی کے کنٹرول کے ایلیٹ گروپ این ایس جی کے رواں ہفتے کے ایجنڈے میں بھارت کو رکنیت دینے کے حوالے سے بحث شامل نہیں ہے،بھارت نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کر رکھے اس لئے وہ اس رکنیت کا اہل نہیں ہے،اس معاملے پر طویل بحث ومباحثہ کے ساتھ مشاورت کی ضرورت ہے۔بیجنگ میں ہفتہ وار اجلاس پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہووا چنی ینگ نے کہا کہ این ایس جی نے کبھی این پی ٹی کی توثیق نہ کرنے والے ممالک کی گروپ میں شمولیت کی کوششوں کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا اور اس مرتبہ بھی بھارتی کی رکنیت کی درخواست کے حوالے سے کوئی بحث سیئول کے اجلاس کے ایجنڈے پر نہیں ہے،انھوں نے کہا جیسا کہ ہم جانتے ہیں اس قسم کا کوئی معاملہ ایجنڈے پر نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بھارت کی شمولیت پر تمام این ایس جی رکن ممالک کے نہ صرف خیالات میں فرق پایا جاتا ہے بلکہ این پی ٹی کی توثیق نہ کرنے والے تمام ممالک کو این ایس جی کی رکنیت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے بھی اختلافات موجود ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ابھی پختہ مرحلے میں نہیں ہے ،اس پر اتفاق رائے کا بھی فقدان ہے ،انھوں نے کہا کہ چونکہ بھارت نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کر رکھے اس لئے اس معاملے پر طویل بحث ومباحثہ کے ساتھ مشاورت کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :