بحرین نے آیت اللہ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کر دی

منگل 21 جون 2016 10:15

ماناما (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جون۔2016ء)بحرین نے ملک کے اعلیٰ ترین شیعہ رہنما آیت اللہ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کر دی ۔بحرین کی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ عدالت کی جانب سے معطل کی گئی شیعہ سیاسی جماعت الوفاق کے روحانی قائد آیت اللہ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے۔ آیت اللہ عیسیٰ قاسم کو خلیجی ریاستوں کی شیعہ آبادی کے سینیئر اکابرین اور عمائدین میں شمار کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ بحرین میں عراق کے سب سے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ علی سیستانی کے نمائندے بھی ہیں۔ بحرینی وزارت داخلہ نے آیت اللہ پر الزام لگایا ہے کہ جب سے انہوں نے بحرینی شہریت حاصل کی ہے تب سے وہ غیر ملکی سیاسی نظریوں سے متاثر ہو کر ایسی تنظیموں کی بنیاد رکھنے میں مصروف ہیں جو انتشار کا سبب بنی ہیں۔ وزارتِ داخلہ نے ریاست کی سیاسی کشیدگی میں اْن کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔