آئی جی موٹر وے نے 200 ملین کا خفیہ فنڈ قائم کر لیا، دستاویز میں انکشاف

پیر 20 جون 2016 09:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جون۔2016ء) آئی جی موٹر ویز پولیس ویلفیئر فنڈز کے 200 ملین روپے من پسند منصوبوں پر اڑا دیئے ہیں جبکہ 756 افراد کو غیر قانونی طریقہ سے ادارے میں مستقل بنیادوں پر بھرتی کیا ہے ۔اس بات کا انکشاف ایک سرکاری دستاویز میں ہوا ہے جو جائزہ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کی گئی ہے یہ رپورٹ وزارت مواصلات کے اعلی اختیاراتی افسران کی مشاورت سے مکمل کی گئی ہے ۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق موٹر وے پولیس نے پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کے لئے 200 ملین سے ایک ویلفیئر فنڈز قائم کر رکھاہے فنڈز میں موٹر ویز ، قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کئے گئے جرمانوں کا 25 فیصد جمع کرایا جاتا ہے سرکاری دستاویزات کے مطابق آئی جی موٹر وے نے ویلفیئر فنڈز میں 200 ملین روپے وزارت خزانہ کو اعتماد میں لئے بغیر جمع کرا رکھے ہیں جو کہ غیر قانونی کام ہے جبکہ الائیڈ بنک میں اوپن کرائے جانے والا اکاؤنٹس بھی غیر قانونی ہے جبکہ اس فنڈز سے کئے گئے اخراجات بھی وزارت خزانہ سے منظور نہیں کرائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق آئی جی موٹر وے نے ادارہ میں 756 افراد جو ڈیپوٹیشن پر آئے تھے کو مستقل بنیادوں پر ضم کر لیا ہے جس کو غیر قانونی قرار دے کر متعلقہ آئی جی کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ قانون کے مطابق پانچ سال سے زائد دیگر اداروں کے لوگ نہیں رکھے جاتے۔ وزارت مواصلات نے اس غیر قانونی کام کی اعلی پیمانے پر تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔