رمیز راجہ کو منتیں کر کے ٹیکسی میں بٹھانے والے پاکستانی ڈرائیور نے 5 منٹ بعد ہی زبردستی اتار بھی دیا

میری موجودگی سے وہ اتنا پرجوش تھا کہ اس کا سانس پھول گیا او ر کہا میں ٹھیک سے سانس نہیں لے پا رہالہٰذاآپ گاڑی سے باہر آجائیں،سابق ٹیسٹ کرکٹرکا ٹوئٹ

اتوار 19 جون 2016 10:34

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جون۔2016ء)سماجی رابطہ کی ویب سائٹس نے سٹار زاور ان کے مداحوں کے درمیان گفتگو کو آسان بنا دیا ہے۔اور اس ذریعے سے ہونے والی بات چیت کئی بار دلچسپی سے بھرپور ہوتی ہے۔ایسی ہی ایک دلچسپ بات چیت سابق قومی کرکٹر او ر ان کے مداح کے درمیان ٹویٹر پر ہوئی ہے جسے درجنوں افراد نے پسند کیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور کمنٹریٹر رمیز راجہ سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر ان کے ایک مداح نے کہا کہ کسی کریزی فین سے جڑااپنی زندگی کا کوئی واقعہ بتائیں جس پر آپ سب سے زیادہ حیران ہوئے ہوں تو رمیز راجہ نے بتایا کہ ایک با ر دبئی میں ایک ٹیکسی والے نے مجھے اپنی کار میں بٹھانے کیلئے منت سماجت کی تو میں اس کی گاڑی میں بیٹھ گیا مگر چلتے چلتے اس نے ایک دم گاڑی سائیڈ پر موڑدی اور روک کر کہا کہ آپ گاڑی سے اتر جائیں۔

(جاری ہے)

میری موجودگی سے وہ اتنا پرجوش تھا کہ اس کا سانس پھول گیا اور اس نے مجھے کہا کہ آپ کی موجودگی کی وجہ سے میں ٹھیک سے سانس نہیں لے پا رہالہٰذاآپ گاڑی سے باہر آجائیں۔رمیز راجہ اپنے اس فین کی اس حرکت پر انتہائی حیران ہوئے اور وہ اس ٹیکسی ڈرائیور کو اپنی زندگی میں ملنے والا سب سے کریزی فین قرار دیتے ہیں۔