خیبرپختونخوااسمبلی،وزراء صوبائی بجٹ کیخلاف پھٹ پڑے،واک آؤٹ

وزیراعلیٰ کے مشیر کی صوبائی بجٹ کیخلاف دھواں دارتقریر، بجٹ صوبے کیلئے نہیں بلکہ مردان،نوشہرہ ،صوابی اور دیر کیلئے تیار کیاگیا،شکیل خان

ہفتہ 18 جون 2016 09:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء)خیبرپختونخوااسمبلی میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے وزیر صوبائی بجٹ کیخلاف پھٹ پڑے اور اسے نوشہرہ ،صوابی اور مردان کا بجٹ کاقراردیدیا اسی طرح حکومت سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو بجٹ بحث میں حصہ نہ ملنے پر انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کرایوان سے واک آؤٹ کیا۔بجٹ بحث کے دوسرے روز وزیراعلیٰ کے مشیر برائے بہبودآبادی شکیل خان نے صوبائی بجٹ کیخلاف دھواں دارتقریرکی اور بتایا کہ یہ بجٹ صوبے کیلئے نہیں بلکہ مردان،نوشہرہ ،صوابی اور دیر کیلئے تیار کیاگیاہے انہوں نے بتایاکہ صرف ایریگیشن میں ایک ارب 61کروڑسے زائد رقم نوشہرہ ،دوارب چالیس کروڑصوابی،ایک ارب 83کروڑمردان اور سیلاب سے متاثرہ ملاکنڈایجنسی کے لئے صرف100ملین مختص کئے گئے جس میں ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیاگیااسی طرح ایریگیشن میں سوات کے لئے تین ارب 91کروڑمختص کئے گئے ہیں سڑکوں کی تعمیرمیں نوشہرہ کو چھ ارب 26کروڑ، صوابی دوارب90کروڑ،مردان ایک ارب60کروڑ،اپراورلوئردیرچارارب 26کروڑدئیے گئے ہیں لیکن ملاکنڈ کیلئے صرف 191ملین رقم مختص کی گئی ہے جن میں سے تعمیراتی کام بہت مشکل سے ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسے چنداضلاع کا بجٹ قراردیتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ بجٹ پر نظرثانی کی جائے،اے این پی کے پارلیمانی لیڈرسرداربابک نے بجٹ کو جھوٹ کاپلندہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ44سالوں میں سب سے زیادہ بجٹ امسال ضائع ہوا ہے 23فیصدترقیاتی کاموں پر کٹ لگایاگیاہے بلدیاتی اداروں سے فنڈواپس لے لیاگیاہے اسی طرح بجٹ میں بیرونی قرضوں کے27ارب میں سے صرف حکومت کو 13ارب روپے ملے ہیں سودکانظام تاحال جاری ہے این ٹی ایس کے ادارے کا سربراہ خودڈبل شاہ نکلا اوراسکی ڈگری بھی جعلی نکلی حکومت ایسے ادار ے پرکیوں اعتمادکررہی ہے اسی طرح تین لاکھ سے زائد گندم کی بیج کے تھیلے کاعوام میں مفت تقسیم کئے گئے تھے اسکی پیداوارگزشتہ سال کی نسبت نصف سے بھی کم رہی۔

جے یوآئی کے مفتی فضل غفور ،پی پی کے فخراعظم اور سردارحسین بھی بجٹ تقریرکے دوران حکومت پر خوب برسے ۔سینئرصوبائی وزیر عنایت اللہ نے ایوان کوبتایاکہ صوبے کے بجٹ کابیشترحصہ وفاق کے قابل تقسیم محاصل پرمبنی ہوتاہے بتایاجائے وزیراعظم نے بنوں ایئرپورٹ ،کوہاٹ تاڈیرہ تک موٹروے تعمیر،سوات ایکسپریس کے جواعلانات کئے تھے اس کے لئے پی ایس ڈی پی میں رقم کیوں مختص نہیں کی گئی وفاق نے پیسے کم دئیے اس لئے مجبوراًصوبائی حکومت کو ترقیاتی کاموں پر کٹ لگاناپڑا۔

بلدیاتی ناظمین کے تحفظات کے خاتمے کے لئے میری سربراہی میں جوکمیٹی قائم ہے وہ مرحلہ وارناظمین سے مل رہی ہے ۔بجٹ تقریرکے دوران سکندرشیرپاؤ نے مردم شماری پرزوردیااوروفاق سے مطالبہ کیاکہ نئے این ایف سی ایوارڈکاجلدازجلد اعلان کرے۔ایوان میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے قربان خان،بابرسلیم اورجمشیدخان کو بجٹ بحث میں تقریرکے دوران جب موقع نہیں دیاگیا تو انہوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اپوزیشن نے بھی حکومتی اراکین کاساتھ دیتے ہوئے علامتی واک آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :