عراق: عراقی افواج نے فلوجہ کی اہم سرکاری عمارت سے داعش کے شدت پسندوں سے قبضہ چھڑوا لیا ’فلوجہ کے سٹی ہال پر عراقی پرچم لہرا دیا گیا‘داعش نے فلوجہ پر سنہ 2014 میں قبضہ کیا تھا

ہفتہ 18 جون 2016 10:56

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء )عراقی فوج افواج نے فلوجہ میں واقع مرکزی حکومتی کمپاوٴنڈ پر سے دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کا قبضہ ختم کروا کر عراقی پرچم لہر ا دیا غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل عبدالوہاب السعدی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ایلیٹ کاوٴنٹر ٹیررازم فورس اور ریپڈ رسپانس فورسز نے سٹی کونسل بلڈنگ کو ’آزاد‘ کروا لیا۔

عراق کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعے کو عراقی افواج نے اس سرکاری عمارت پر قومی پرچم لہرا دیا ہے۔وفاقی پولیس کے سربراہ رعد شاکر جودت نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سرکاری عمارت کی آزادی جو کہ شہر کی مرکزی نشانی ہے، حکومت کی رٹ کی بحالی کی علامت ہے۔‘انھوں نے کہا کہ حکومتی افواج کو پیش قدمی کے دوران محدود پیمانے پر ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل عراقی فوج کے فلوجہ کے مشرقی علاقے میں ایک صنعتی زون پر قبضے کی خبریں آئی تھیں۔واضح رہے کہ عراقی افواج نے کئی ماہ کے محاصرے کے بعد گذشتہ ماہ فلوجہ کو دولت اسلامیہ کے کنٹرول سے واپس لینے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔بغداد سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع فلوجہ وہ شہر ہے جس پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سب سے زیادہ عرصے سے قابض ہے۔دولتِ اسلامیہ نے فلوجہ پر سنہ 2014 میں قبضہ کیا تھا اور اس کے کچھ ماہ بعد ہی وہ عراق اور شام میں دیگر علاقوں پر قابض ہوئی تھی

متعلقہ عنوان :