کراچی، ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے سیکورٹی انچارج منہاج قاضی کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آگیا

متحدہ ہمدرد پاکستان کے بانی حکیم محمد سعید کے قتل میں ملوث ہیں اور را سے بھی تعلقات ہیں،قاضی

ہفتہ 18 جون 2016 10:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جون۔2016ء)ڈاکٹر عاصم کے دو ویڈیو بیان کے بعد اب ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے سیکورٹی انچارج منہاج قاضی کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آگیا۔ منہاج قاضی کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق ممبر سندھ اسمبلی اور رہنما ہمدرد پاکستان کے بانی حکیم محمد سعید کے قتل میں ملوث ہیں اور را سے بھی تعلقات ہیں۔ تین فروری کو کراچی کے علاقے گارڈن سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار ایم کیو ایم کے رہنماء منہاج قاضی نے 17 اکتوبر 1998 کو کراچی میں ہمدرد پاکستان کے بانی حکیم سعید کے قتل میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کیا ہے۔

منہاج قاضی کے مطابق حکیم سعید کے قتل میں ایم کو ایم کے سابق ممبر سندھ اسمبلی ذوالفقار حیدر اور رہنما قمر منصور کا بھائی محمود صدیقی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

حکیم سعید کے قتل کے وقت ایم کیو ایم کے سابق ممبر سندھ اسمبلی ذوالفقار حیدر کراچی میں تھے جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور کا بھائی محمود صدیقی طلبا تنظیم اے پی ایم ایس کا چیئرمین تھا۔ لیکن منہاج قاضی نے ویڈیو بیان میں یہ بھی بتایا کہ حکیم سعید کے قتل کے وقت وہ ایم کیو ایم کے رابطے میں نہیں تھا۔

11 مارچ 2015 کو نائن زیرو سے گرفتار شاکر لنگڑا ، عمران پاشا اور ندیم موٹا اور لیاقت آباد کے علاقائی عہدیدار عامر ، حکیم سعید قتل کیس میں بھی ملوث ہیں۔ منہاج قاضی نے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم کے سامنے محمود صدیقی اور سابق رکن سندھ اسمبلی صفدر باقری کے “را” سے تعلقات کی تصدیق بھی کی۔