اورلینڈو فائرنگ: قاتل عمر متین کی بیوی حملے کے ارادے سے آگاہ تھی

قاتل کی موجودہ بیوی نور سلمان پر ایک گرینڈ جیوری کے سامنے فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے

جمعرات 16 جون 2016 10:50

اورلینڈو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جون۔2016ء)ایسے شواہد سامنے آئے ہیں کہ امریکا میں اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے افغانی نڑاد امریکی شہری عمر متین کی بیوی اپنے شوہر کی طرف سے حملے کے منصوبے سے آگاہ تھی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ قاتل کی موجودہ بیوی نور سلمان پر ایک گرینڈ جیوری کے سامنے فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز امریکی سینیٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کے رکن سینیٹر اَینگس کنگ کو ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ نور سلمان اِس مناسبت سے کچھ معلومات رکھتی تھی اور اْس نے حکام کو مطلع نہیں کیا تھا۔ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے نور سلمان نے کہا کہ اْس نے اپنے شوہر سے یہ حملہ نہ کرنے سے متعلق بات کرنے کی کوشش کی تھی۔ عمر متین کی بیوی نے امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کو یہ بھی بتایا کہ وہ ایک مرتبہ اپنے شوہر کو پَلس نائٹ کلب بھی لے کر گئی تھی۔