اویس مظفر نے کرپشن کے ہر کام میں ہاتھ ڈالا،ڈاکٹر عاصم

ویکسئین میں کرپشن پر آصف زردای کو ٹپی کیخلاف شکایت کی تو ٹپی نے مجھے کہا کہ ایسا ٹیکا لگاؤں گا کہ یاد رکھو گے اویس مظفر سندھ کا وزیراعلیٰ نہ ہوتے ہوئے بھی وزیراعلیٰ بن گئے تھے ،سابق مشیر پیٹرولیم کا دوران تشویش انکشاف نیب ،ایف آئی اے سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں نے اویس مظفر ٹپی کے خلاف کرپشن کے حوالے سے معلومات جمع کرنی شروع کردیں،آئند ہ چند روز میں اہم انکشافات متوقع

جمعرات 16 جون 2016 10:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جون۔2016ء)ڈاکٹر عاصم نے آصف زرداری کے انتہائی قریبی ساتھی اور منہ بولے بھائی اویس مظفر کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کرپشن کے ہر کام میں ہاتھ ڈالا ، وہ سندھ کا وزیراعلیٰ نہ ہوتے ہوئے بھی وزیراعلیٰ بن گئے تھے۔ سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کی زیر حراست تفتیش کے دوران ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کے انتہائی قریبی ساتھی اویس مظفر پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ڈاکٹر عاصم کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ اویس مظفر نے کرپشن کے ہر کام میں ہاتھ ڈالا جب کہ سندھ کا وزیراعلیٰ نہ ہوتے ہوئے بھی وہ وزیراعلیٰ بن گئے تھے، اس کے علاوہ زمینوں کی کرپشن میں بھی اویس مظفر شامل تھے۔ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ایک بار مجھے میرے ساتھی ڈاکٹر نے بتایا کہ 600 روپے والی ویکسین ایک ہزار میں خریدی گئی ہیں جس پر میں نے آصف زرداری کو ویکسین مہنگی خریدنے اور اویس مظفر کے دیگر معاملات کی شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹپی کو کہیں وہ انسانی جانوں سے نہ کھیلے جس پر ٹپی نے مجھے دھمکی دی اور کہا ایسا ٹیکا لگاوٴں گا کہ یاد رکھو گے اور کہا کہ میرے خلاف باتیں کرنا اور شکایتیں کرنا چھوڑ دو۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم کے دوران تفتیش انکشافات کی ویڈیو میں ڈاکٹر عاصم کہتے نظر آتے ہیں کہ میں نے دوسری حکومت آ نے کے بعد اویس مظفر کو جانا،اویس مظفر کو آصف زرداری کی والدہ نے پالاتھا۔ادھرسابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی گزشتہ سال کراچی ائیر پورٹ سے اپنے بھائی کی موت کا بہانہ بنا کر بیرون ملک فرار ہو گئے تھے ، نیب ،ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے زمینوں اوردواؤں کی خریداری سمیت دیگر معاملات میں کرپشن کے حوالے سے معلومات جمع کرنی شروع کردی ہیں ،آئند چند روز میں اس حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب ،ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے اویس مظفر ٹپی کے زمینوں اوردواؤں کی خریداری سمیت دیگر معاملات میں کرپشن کے حوالے سے معلومات جمع کرنی شروع کردی ہیں۔سابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی کو گزشتہ سال جون میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی وسیم مظفر فوت ہو گئے ہیں جن کی میت کو لینے لندن جانا ہے اس پر انہیں چھوڑ دیا گیا تھا ، بیرون ملک فرار ہونے کے بعد اویس مظفر ٹپی اب تک واپس نہیں آئے، ذرائع کے مطابق 2008-2013 تک سندھ حکومت میں کسی کا کوئی ٹینڈر پاس کرانا ہوتا تو سڑکوں ، تعلیم ، ہیلتھ میں دیگر محکموں میں انکے فرنٹ مین کمپنیوں کے پاس جا کر اپنا شیئر لیتے تھے جس کے بعد ٹینڈر کی اجازت دی جاتی تھی ۔

حساس اداروں اور مختلف تحقیقاتی اداروں نے اس حوالے سے تحقیقات اور معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں اور آئند چند روز میں اس حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔