پی سی بی نے آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر سٹیورکسن کو قومی ٹیم کا فیلڈنگ کوچ بنانے کیلئے رابطہ کرلیا

مشتاق احمد کو دورہ انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا بولنگ کوچ، سابق آل راوٴنڈر اظہرمحمود کو ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے بولنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی بورڈ یہ تقرریاں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی خواہش پر کرنے والا ہے ، باضابطہ اعلان آج متوقع شہریار خان کے دعوے کے باوجود بڑی تعداد میں آفیشلز بھی دورہ انگلینڈ میں ٹیم کے ساتھ بھیجے جارہے ہیں

بدھ 15 جون 2016 10:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جون۔2016ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر سٹیو رکسن سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ بنائے جانے کے بارے میں رابطہ کیا ہے۔سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو انگلینڈ کے دورے میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا بولنگ کوچ بنایا جارہا ہے جبکہ سابق آل راوٴنڈر اظہرمحمود کو ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے بولنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

اس ضمن میں باضابطہ اعلان بدھ کے روز متوقع ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ یہ تقرریاں ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی خواہش پر کرنے والا ہے جو یہ چاہتے ہیں کہ مشتاق احمد انگلینڈ کے دورے میں ان کے ساتھ ہوں۔واضح رہے کہ مکی آرتھر پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز میں مشتاق احمد کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں قومی اکیڈمی کا کوچ مقرر کیا تھا۔

اظہرمحمود اس سال ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی20 میں بھی پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ تھے۔سٹیو رکسن 13 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔وہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں اس کے علاوہ انھوں نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور آئی پی ایل میں چنئی سپرکنگز کے کوچ کی ذمہ داری بھی نبھائی ہے۔ سٹیو رکسن نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں مکی آرتھر ( ہیڈ کوچ )، گرانٹ فلاور ( بیٹنگ کوچ )، سٹیو رکسن ( فیلڈنگ کوچ )، مشتاق احمد ( بولنگ کوچ ٹیسٹ )، اظہرمحمود ( بولنگ کوچ ون ڈے / ٹی20 )،گرانٹ لوڈن ( ٹرینر)، شین ہیز ( فزیو) اور طلحہ اعجاز ( وڈیو اینلسٹ ) شامل ہوں گے۔

انتخاب عالم ٹیم کے منیجر جبکہ کرنل اعظم سکیورٹی افسر ہوں گے۔ٹیم کے ساتھ مرحلہ وار تین میڈیا منیجرز امجد حسین بھٹی، آغا اکبر اور رضا راشد بھی انگلینڈ جائیں گے۔اتنی بڑی تعداد میں ٹیم آفیشلز کو انگلینڈ بھیجنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کے اس دعوے کی نفی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ دورے میں بڑی تعداد میں آفیشلز نہیں رکھے جائیں گے۔