کراچی سٹاک مارکیٹ کے ایم ایس سی آئی آئی ابھرتی ہوئی سٹاکس مارکیٹ کی فہرست میں شامل ہونے کے امکانات روشن ، رواں سال ایشیاء کی بہترین کارکردگی دکھانے والی سٹاک مارکیٹس میں شامل،معاشی استحکام قائم کر کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے ایک دہائی بعد شرح نمو کو تیزی کے دور میں داخل کیا، آئندہ دو سال میں بجلی کی بحران سے باہر نکل آئے گا، بلوم برگ

بدھ 15 جون 2016 10:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جون۔2016ء) پاکستان کی مرکزی سٹاک مارکیٹ کو ایم ایس سی آئی آئی این سی کی ابھرتی ہوئی سٹاکس مارکیٹ کی فہرست میں شامل ہونے کے امکانات روشن ہو گئے،کراچی سٹاک ایکس چینج رواں سال 2008ء کے بعد پہلی بار ایشیاء کی بہترین کارکردگی دکھانے والی سٹاک مارکیٹ کے طور پر ابھری ہے،انڈکس پرووائیڈر نے فرنٹئیر مارکیٹ پاکستان میں شفافیت اور لیکوئیڈیٹی میں بہتری آنے پر اسے اپنی لسٹ میں ممکنہ ری کلاسیفیکیشن کے لئے گذشتہ سال شامل کیا تھا ، بلوم برگ نے ایم ایس سی آئی انڈیکس 2016 کی جائزہ رپورٹ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں چین کی طرف سے 46 ملین کی سرمایہ کاری سے آئندہ دو سال میں بجلی کی بحران سے باہر نکل آئے گا ،عالمی مالیاتی فنڈ لون پروگرام کے ذریعے 2013ء میں بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے بحران کو موڑنے کے بعد معاشی استحکام قائم کر کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے ایک دہائی بعد شرح نمو کو تیزی کے دور میں داخل کیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی سٹاک ایکسچینج کے ایس ای 100 انڈیکس میں رواں سال 15 فیصد اضافہ ہوا، جس سے وہ ایشیاء میں بہترین کاکردگی دکھانے والی سٹاک ایکسچینج کے طور پر ابھری ہے، صرف رواں ماہ جون میں کراچی سٹاک ایکسچینج کے مرکزی انڈیکس میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا، فنڈ منیجر ماہر ای ایف بی ہرمس کا کہنا ہے کہ کراچی سٹاک ایکسچینج کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی کی وجہ سے سال 2017ء کے وسط تک 475 ملین ڈالر کا بہاؤ پاکستان میں آ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بات کا 70 فیصد امکان ہے کہ کراچی سٹاک ایکسچینج ایشیاء کی بہترین کارکردگی دکھانے والی سٹاک ایکسچینجز میں نمایاں مقام حاصل کر لے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایم ایس سی آئی فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں 16 پاکستانی کمپنیاں نمایاں طور پر شامل ہیں جو اس کے اعشاریاتی پیمانوں کی 9 فیصد بنتی ہیں۔ گزشتہ مسلسل پانچ ہفتوں سے سٹاک ایکسچینج میں تیزی نے کراچی سٹاک مارکیٹ کے بارے میں مثبت اعشاریوں کو اجاگر کیا جس سے پاکستان میں اقتصادی استحکام ظاہر ہوتا ہے ۔

سٹاک ہوم کی پاکستانی ایکویٹیز کے 200 ملین ڈالر کی حامل فرم ٹنڈ رافونڈر کے چیف انوسٹمنٹ آفیسر میتھاس مارٹن سن نے کہا کہ پاکستان بڑے شستہ اور احسن انداز میں اقتصادی استحکام کیطرف گامزن ہے۔ دسمبر 2008ء میں پاکستان کے سٹاک مارکیٹ فرنٹیئر سٹیٹس کو ڈاؤن ایٹ کر دیا گیا تھا اور 3 ماہ سے زائد عرصہ کیلئے مارکیٹ میں سرگرمیاں تقریباً معطل رہیں لیکن اس کے بعد آہستہ آہستہ مارکیٹ نے دوبارہ قدم جمائے۔

ایشیاء پیسفک ایکویٹیز بی این پی پاری باس انوسٹمنٹ پارٹنر کے آرتھر ہوم نے کہا ہے کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ بہت اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ سرمایہ کار ایسے متبادل ڈھونڈ رہے ہیں جو امریکی انٹرسٹ ریٹ سائیکل اور چین کے مائیکرو اکنامک عمل میں سست روی کے خطرات سے دور ہو اور پاکستان اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت ان کیلئے ایک نمایاں جگہ پر کھڑا نظر آ رہا ہے۔