اسلام آباد ، بلند ترین شاپنگ مال میں قائم این سٹریٹ چاکلیٹ کیفے کی مالکہ کاروبارمیں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر درجنوں سرمایہ کاروں سے کروڑوں بٹور کر غائب

انٹرنیٹ پر چلتے کاروبار میں سرمایہ کاری کا اشتہار دے کر لوگوں کو جال میں پھنسایا گیا متعدد چیک ڈس آنر ہونے کے بعد سارہ فواد کی بہانے بازی سے فراڈ کا پردہ چاک

پیر 13 جون 2016 10:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جون۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلند ترین شاپنگ مال سینٹیورس کے چوتھے فلور پر قائم این سٹریٹ چاکلیٹ کیفے کی مالکہ سارہ فواد کاروبارمیں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر درجنوں سرمایہ کاروں سے کروڑوں روپے بٹور کر غائب ہو گئیں ۔ انٹرنیٹ پر چلتے کاروبار میں سرمایہ کاری کا اشتہار دے کر لوگوں کو جال میں پھنسایا گیا متعدد چیک ڈس آنر ہونے کے بعد سارہ فواد کی بہانے بازی سے فراڈ کا پردہ چاک ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلند ترین شاپنگ مال سینٹیورس میں چوتھے فلور پر چاکلیٹ کیفے کی مالکہ سارہ فواد نے چلتے ہوئے کاروبار میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر 29 سے زائد سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کی ٹپی لگا دی سارہ فواد کے بے شمار لاکھوں روپے کے چیک ڈس آنر ہوئے تو موصوفہ رفوچکر ہو گئیں عمران خان نامی سرمایہ کار نے تھانہ مارگلہ میں ایف آئی آر درج کرائی جس کے مطابق سارہ فواد نے کاروبار میں سرمایہ کاری کے لئے اس سے 91 لاکھ روپے وصول کئے بعدازاں عمران خان کو پتہ چلا کہ سارہ فواد نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر افراد کو بھی کاروبار میں شامل کر لیا ہے جس پر عمران خان نے سارہ فواد سے کاروبار میں شراکت داری ختم کر دی اور رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

سارہ فواد نے عمران خان کو 91 لاکھ روپے کا چیک دیا جو کہ ڈس آنر ہو گیا اسی طرح تھانہ مارگلہ میں منصور زین نامی سرمایہ کار نے مقدمہ درج کرایا کہ سارہ فواد اور اس کے شوہر محمد علی نے کاروبار میں شراکت کے لئے اس سے 50 لاکھ 88 ہزار روپے وصول کئے تاہم بعدازاں کاروبار میں بددیانتی اور فراڈ کے پیش نظر منصور زین نے شراکت داری ختم کر دی اور سارہ فواد اور اس کے شوہر محمد علی سے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا ۔

سارہ فواد نے منصور زین کو مختلف بنکوں کے 7 عدد چیک دیئے جن میں 20 لاکھ روپے کا ایک چیک سمٹ بنک ، دوسرا 5 لاکھ روپے کا NIB ، تیسرا 4 لاکھ روپے کا چیک NIB بنک جبکہ دیگر چیک بھی NIB بنک کے دیئے جو کہ تمام کے تمام ڈس آنر ہو گئے اور مدعی منصور زین کو رقم واپس نہ مل سکی اسی اثناء میں سارہ فواد اپنے شوہر محمد علی کے ہمراہ چاکلیٹ کیفے نامی دکان بند کر کے غائب ہو گئی اور اب ان کے ساتھ کسی طرح کا رابطہ نہیں ہو پا رہا منصور زین اور عمران خان سمیت 29 سے زائد سرمایہ کاروں نے سارہ فواد اور محمد علی کے خلاف کارروائی کی استدعا کی ہے کہ ملزمان میاں بیوی کے خلاف کارروائی کی جائے اور مدعلیان کو انصاف دلایا جائے ۔