ہماری پچز کی حالت اچھی نہیں ان کو مرمت کرنا پہلی ترجیح ہوگی،شہریار خان

ہیڈ کوچ مکی پرتھر کو پی سی بی نے ویلکم اور اپنے تعاون کا یقین بھی دلایا ہے اظہر محمود کو باؤلنگ کوچ بنانے کے لئے مکی آرتھر راضی ہیں ، سابق آل راؤنڈ بھی عہدہ سنبھالنے کے متمنی ہیں آئی سی سی سے میٹنگ پر بگ تھری کوتوڑنے کی کوشش کی جائے گی، بوٹ کیمپ ہر سال لگایا جائے گا، ڈومیسٹک کرکٹ پروگرام میں ریجن کی 8 ٹیمیں جبکہ اداروں کی 8 ٹیمیں الگ الگ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گی پی ایس ایل کی طرح ریجن کرکٹ کے لئے بھی سپانسر تلاش کررہے ہیں اس پر کام ہو رہا ہے، پی سی بی گورنر بورڈ کے اجلاس میں ساڑھے چار ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے آئندہ اس بجٹ میں کمی لائی جائے گی، 41ویں پی سی بی گورنر بورڈ کی میٹنگ کے بعد نیشنل اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 12 جون 2016 11:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار ایم خان نے کہا ہے کہ ہماری پچز کی حالت اچھی نہیں ان کو مرمت کرنا پہلی ترجیح ہوگی۔ ہیڈ کوچ مکی پرتھر کو پی سی بی نے ویلکم کیا ہے اور اپنے تعاون کا یقین بھی دلایا ہے۔ اظہر محمود کو باؤلنگ کوچ بنانے کے لئے مکی آرتھر راضی ہیں جبکہ سابق آل راؤنڈ بھی عہدہ سنبھالنے کے متمنی ہیں۔

آئی سی سی سے میٹنگ پر بگ تھری کوتوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ بوٹ کیمپ ہر سال لگایا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ پروگرام میں ریجن کی 8 ٹیمیں جبکہ اداروں کی 8 ٹیمیں الگ الگ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گی۔ پی ایس ایل کی طرح ریجن کرکٹ کے لئے بھی سپانسر تلاش کررہے ہیں اس پر کام ہو رہا ہے۔ پی سی بی گورنر بورڈ کے اجلاس میں ساڑھے چار ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ اس بجٹ میں کمی لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 41ویں پی سی بی گورنر بورڈ کی میٹنگ کے بعد نیشنل اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ چیئرمین شہریار ایم خان نے کہا کہ کافی بحث و تمحیص کے بعد یہ تجویز عمل میں آئی ہے کہ پی سی بی ٹیم، کوچزز، کھلاڑی اور ٹرینر کو ایک ٹارگٹ پلان دیا جائے گا۔ ہر چھ ماہ میں سب افراد کی پرفارمنس کو دیکھ کر ٹارگٹ تبدیل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی بڑی مایوس کن رہی جس کی وجہ سے ہم نے انتظامیہ میں تبدیلیاں کی ہیں سلیکشن کمیٹی کو بدل دیا گیا ہے۔ ٹی ٹونٹی کے آفریدی کپتان کی جگہ سرفراز احمد کو لگایا جارہا ہے۔ کوچ بھی تبدیل کرکے مکی آرتھر کو لگایا گیا ہے۔ اس کے آنے سے بہت فائدہ ہوگا۔ چیئرمین نے کہا کہ مدثر نذر منگل کیروز ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھال لیں گے جبکہ ریجنل آفسزز میں ان کے انڈر ہوں گے۔

سکولز، یونیورسٹیز اور کلب کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے بھی پروگرام تشکیل دیاگیا ہے اس ضمن میجر (ر) سید نعیم اختر گیلانی کو چیئرمین بنایا گیا ہے۔ 1000 سکولوں کے دس ہزار بچے سکولز کرکٹ میں آئیں گے۔ ون ڈے کا فارمیٹ ویسے ہی رہے گا جبکہ ٹی ٹونٹی صرف ریجن کے لئے ہے۔ اگلا ہمارا قدم کوالٹی کرکٹ کی طرف ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ذاکر خان اور اے کے سید کی ڈگریاں بورڈ کو موصول ہو گئی ہیں۔

باؤلنگ کوچ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اظہر محمود تیارہیں ان کے نام پر مکی آرتھر نے بھی عندیہ دے دیا ہے۔ چھ ماہ کیا حاصل ہوگا انگلینڈ سیریز پاکستان جیت گیا تو بہت اچھی بات ہوگی لیکن جیت بڑی مشکل ہے۔ شہریار ایم خان نے کہا کہ وہ آج انگلینڈ روانہ ہو رہے ہیں اور وہاں پر آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ میری کوشش ہوگی کہ کانفرنس میں بگ تھری کو توڑا جائے۔ پاکستان کی پوزیشن بڑی اہمیت کی حامل ہے۔