کراچی ، حلیمہ قتل کیس کے ملزم رضوان کی پیشی کے موقع پر طبیعت بگڑ گئی،عدالت کا اعترافی بیان قلمبند کرانے کا حکم دیدیا

ہفتہ 11 جون 2016 10:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جون۔2016ء) کراچی میں حلیمہ قتل کیس کے ملزم رضوان کی پیشی کے موقع پر طبیعت بگڑ گئی جس پر عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں لیتے ہوئے اعترافی بیان قلمبند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے حلیمہ قتل کیس کے مبینہ ملزم رضوان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت شروع ہوئی تو تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم رضوان نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جس کے بیان کی روشنی میں گرفتار ملزم کی بیوی سونیا پر جرم ثابت نہیں ہوتا، ملزم کا دفعہ 164 کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے رضوان کا اعترافی بیان قلمبند کرانے کے لئے مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم رضوان کو عدالتی تحویل میں لے لیا جب کہ عدالت نے ملزم کا بیان قلمبند کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

کمرہ عدالت میں ملزم رضوان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس پر ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان دمہ کا مریض ہے اسے دوا فراہم کی جائے اور حالت بہترہوگی تب ہی وہ بیان دینے کے قابل ہوگا۔

دوران سماعت ملزم رضوان نے اچانک رونا شروع کردیا اور کہتا رہا کہ میری بھی 5 سال کی بیٹی ہے جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ روئیں مت اور کسی کے دباوٴ میں نہ آئیں، اب آپ کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں اس لئے آپ صرف حقائق بتائیں تاہم ملزم رضوان کی طبیعت بگڑنے پر عدالت نے پہلے اسے طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔ملزم رضوان نے کہا کہ اس کی بیوی قتل کے معاملے میں بے گناہ ہے۔ پولیس حراست میں اس کی جان کو خطرہ ہے ، اسے ڈر ہے کہ پولیس دوران تفتیش اس کی جان لے سکتی ہے۔