افغانستان :12 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کردیا

جمعرات 9 جون 2016 10:17

غزنی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2016ء) افغانستان کے مشرقی علاقے میں طالبان کے مشتبہ جنگجووٴں نے 12 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کردیا جبکہ شمالی صوبے قندوز کو صوبہ تخار سے ملانے والی ہائی وے پر مسافر بس کو روک کر 50 افراد کو اغوا کرلیا۔صوبہ غزنی میں گورنر کے ترجمان جاوید سلانگی نے بتایا کہ منگل و بدھ کی در میانی رات گئے حملہ آوروں نے دو گاڑیوں کو روکا اور اس میں موجود تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ہلاک ہونے والوں میں سیکیورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہیں۔

بعد ازاں گاوٴں والوں کو واقعے کے مقام سے 12 لاشیں ملیں، اس حوالے سے طالبان ترجمان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔علاوہ ازیں پولیس ترجمان محفوظ اللہ اکبری نے بتایا کہ طالبان کے جنگجووٴں نے شمالی صوبہ قندوز میں ایک مسافر بس اور ایک کار کو روکا ، جس میں سوار 50 افراد کو یرغمال بناکر اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

ان کا دعویٰ تھا کہ فورسز ان افراد کو بازیاب کروانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں افغانستان کی اہم شاہراہوں پر طالبان کے حملے بڑھ گئے ہیں۔گزشتہ ماہ قندوز تخار-ہائی وے سے ہی طالبان نے تقریباً 185 مسافروں کو اغواء کرکے ان میں سے 17 افراد کو قتل کردیا تھا۔گزشتہ ماہ بھی قندوز میں 9 افراد کو قتل اور 20 افراد کو اغواء کرلیا گیا تھا جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

متعلقہ عنوان :