ترکی : شامی سرحد کے قریب پولیس سٹیشن پر کار بم حملہ ، تین افراد ہلاک،20زخمی

جمعرات 9 جون 2016 10:17

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2016ء) ترکی کے شامی سرحد کے قریب شہر ماردین میں ایک پولیس اسٹیشن کو کار بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے اس حملے کی ذمہ داری کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے باغیوں پر عائد کی۔بن علی یلدرم نے بتایا کہ حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا مطابق ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔واقعہ ماردین کے قصبے مدیات میں پیش آیا جہاں ترک فورسز کو کرد علیحدگی پسندوں سے بر سر پیکار ہے۔ٹوئٹر پر پوسٹ ہونے والی تصاویر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دھماکے کی نوعیت بہت شدید تھی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ کر سڑک پر بکھرے ہوئے تھے جبکہ جائے وقوع پر دھویں کے بادل چھائے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ترکی میں دہشتگردوں کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، حکومت اور کرد باغیوں کے درمیان امن مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سے پولیس اسٹیشنز اور فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔گزشتہ روز بھی ترکی کے شہر استنبول میں بس اسٹاپ پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ساتھ پولیس اہلکاروں سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :