امریکہ کی تاریخ میں خواتین کے تاریخی لمحے تک پہنچانے پر حامیوں کی شکر گزار ہوں ، ہیلری کلنٹن

جمعرات 9 جون 2016 10:16

نیو جرسی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2016ء)ہلیری کلنٹن نے امریکہ کی تاریخ میں خواتین کے تاریخی لمحے تک پہنچنے کے لیے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔نیوجرسی میں فتح کے ساتھ انھوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لیے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔نیویارک میں خوشیاں مناتے ہوئے حامیوں سے انھوں نے کہا: ’آپ کا شکریہ، ہم نے سنگ میل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

‘انھوں نے کہا: ’ہمارے ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی اہم پارٹی کی جانب سے کوئی خاتون امیدوار ہو گی۔‘اس کے چند گھنٹے بعد انھوں نے کیلیفورنیا کا ڈیموکریٹک پرائمری مقابلہ جیت لیا۔ منگل کو ہونے والے پرائمری انتخابات میں انھوں نے کل ملا کر چھ میں چار ریاستوں میں کامیابی حاصل کی، اور کیلیفورنیا کے علاوہ نیوجرسی، ساوٴتھ ڈکوٹا اور نیو میکسیکو اپنے نام کر لیے۔

(جاری ہے)

ان کے حریف برنی سینڈرز نے مونٹینا اور نارتھ ڈکوٹا میں برتری حاصل کی۔ وہ اب تک صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے پر آمادہ نہیں ہیں۔اس سے قبل رائے عامہ کے جائزوں میں کہا گیا تھا کہ کیلیفورنیا میں سخت مقابلہ ہو گا لیکن کلنٹن نے 13 فیصد کی واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔سینڈرز کو توقع تھی کہ وہ امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کیلیفورنیا سے جیت کر اپنی مہم کو تقویت دیں گے، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔انھوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14 جون کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے انتخابات تک میدان میں رہیں گے، تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ ان کی راہ بہت کٹھن ہے۔

متعلقہ عنوان :