شام میں ہسپتال پر فضائی حملہ، 15 افراد ہلاک

ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان جو باغیوں کے سب سے بڑے حامی ہیں ان کی ’امیدوں اور خوابوں‘ کو حلب میں دفن کر دیا جائے گا، بشار الاسد حالیہ مہینوں میں حکومتی فوج نے روس کی فضائی مدد سے شہر کو گھیرے میں لے لیا ہے اور باغیوں کا ترکی سے دو زمینی راستوں کے ذریعے رابطہ منقطع کر دیا ہے

جمعرات 9 جون 2016 10:15

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2016ء)شام کے شہر حلب پر اسد حکومت کے باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں اطلاعات کے مطابق کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔شام میں سرگرم کارکنوں کے مطابق مشرقی ضلع الشعار میں واقع بایان ہسپتال کے قریب ایک بم گرا۔ان حملوں کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیج میں جلتی ہوئی اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ فضائی حملے کسی جانب سے کیے گئے ہیں لیکن حکومتی افواج اس منقسم شہر پر دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔شام کے صدر بشار الاسد نے منگل کو ایک جارحانہ تقریر میں کہا تھا کہ ملک کا ایک ایک انچ باغیوں سے بازیاب کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر اسد نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان جو باغیوں کے سب سے بڑے حامی ہیں ان کی ’امیدوں اور خوابوں‘ کو حلب میں دفن کر دیا جائے گا۔

جنیوا میں اس سال اپریل میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد شام کی نو منتخب پارلیمنٹ سے صدر اسد کا پہلا خطاب ہے۔حلب شہر جو کبھی شام کا صنعتی اور تجارتی مرکز ہوا کرتا تھا وہ سنہ 2012 سے حکومت اور باغیوں کے درمیان بٹا ہوا ہے۔ حکومتی افواج کا شہر کے مغربی حصے پر قبضہ ہے جب کہ باغی گروپ شہر کے مشرقی حصے پر قابض ہیں۔

حالیہ مہینوں میں حکومتی فوج نے روس کی فضائی مدد سے شہر کو گھیرے میں لے لیا ہے اور باغیوں کا ترکی سے دو زمینی راستوں کے ذریعے رابطہ منقطع کر دیا ہے۔حلب پر قبضے کے لیے جاری لڑائی کی وجہ سے روس اور امریکہ کی مدد سے جنگ بندی کے لیے جاری کوششیں بھی ناکام ہو گئی تھیں۔مقامی رابطہ کمیٹیوں کے مطابق منگل کو ہونے والے فضائی حملوں میں حیدریہ، الشعار اور مادی کے علاقوں میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔شام کی انسانی حقوق کی تنظیم سیرین آبزرویٹری جو برطانیہ میں قائم ہے اس نے اطلاع دی ہے کہ ہپستال پر حملے میں ہلاک ہونے والے افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔