بیرون ملک وفات پانیوالے پاکستانیوں کے لواحقین کیلئے امداد4لاکھ تک بڑھا دی گئی

اوپی ایف بورڈ آف گورنرکا اجلاس،سمندر پار پاکستانیوں اور لواحقین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہاؤسنگ اور فلاح وبہبود کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل پاکستان میں تمام ایئر پورٹس پر مزید سہولیات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کیلئے اوپی ایف کاؤنٹرز کی استعداد کار میں اضافے کا بھی فیصلہ

بدھ 8 جون 2016 10:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جون۔2016ء)اوپی ایف بورڈ آف گورنرنے بیرون ملک وفات پانے اور معذور ہوجانے والے پاکستانیوں کے لواحقین کے لئے مالی امداد کی رقم 2لاکھ 50ہزار سے بڑھا کر4لاکھ روپے فی خاندان کرنے کی منظوری دی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں اور ان کے لواحقین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہاؤسنگ اور فلاح وبہبود کے شعبہ جات کے لئے دو کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

ائیر پورٹ پر مزید سہولیات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لئے پاکستان میں تمام ایئر پورٹس پر واقع اوپی ایف کاؤنٹرز کی استعداد کار میں اضافہ کیاجائے گا۔بورڈ کے ممبران نے اوپی ایف ہاؤسنگ سکیم ویلی زونV- اسلام آباد پر جاری ترقیاتی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اوپی ایف بورڈ آف گورنر کا 132واں اجلاس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر،وفاقی سیکرٹری وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل خضر حیا ت خان،منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمن خان، کیپٹن ریٹائرڈ شاہین خالد(امریکہ)،چوہدری نورالحسن تنویر(یواے ای)،محمد جہانگیر منہاس (آزاد جموں وکشمیر)، صاحبزادہ سعید احمد،ڈاکٹر عرفان یوسف شامی ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ،حق نواز ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ اور اسد حیا ء الدین ایڈیشنل سیکرٹری کامرس ڈویژن نے شرکت کی۔

منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمن خان نے اجلاس کے شرکاء کو سمندر پارپاکستانیون اور ان کے اہل خانہ کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس کے دورن یہ محسوس کیا گیا کہ ملکی معیشت کی بہتری میں سمندر پارپاکستانیوں کو کلیدی کردار حاصل ہے اس لئے موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کو اہمیت دیتی ہے اوران کی توانائیوں کو بروے کار لاتے ہوئے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتی ہے۔

بورڈ کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی تعمیر وترقی میں اہم کردار اداکر رہے ہیں اس لئے وہ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کے اہل خانہ کو درپیش مسائل کا حل اور انہیں زیاد ہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :