ماہِ رمضان کا چاند نظر آگیا،آج پہلا روزہ ہوگا ،مفتی منیب الرحمن کا اعلان

منگل 7 جون 2016 09:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جون۔2016ء)مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج رمضان المبارک کا چاند نظر آگیاہے ،پہلا روزہ بروزمنگل 7جون کو ہوگا ۔دریں اثناآج مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرِ صدارت میٹ کمپلیکس، محکمہٴ موسمیات، موسمیات چورنگی،گلستانِ جوہر،کراچی میں منعقدہوا۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان مفتی محمد ابراہیم قادری،قاری محمد حنیف جالندھری ، مولانامحمدیاسین ظفر،مولاناعنایت الرحمن،مولاناعبدالخبیر آزاد،مو لاناعبیداللہ پنہور،اخوندزادہ سیدعبدالمبین شاہ بخاری،مولاناقاری عبدالرشیدازہری ، مفتی عبدالقوی ، مفتی محمد عارف سعیدی، مولاناعبدالعزیز اشعر، حافظ عبدالمالک بروہی ،مولاناسید خالد محمودندیم،مولانا محمد ظفر سعیدی،مولانا محبوب علی سہتو، علامہ خلیل الرحمن ،علامہ عبداللہ غازی ،پیرسید شاہدعلی جیلانی،آغاگوہرعلی اورزونل کمیٹی کے ارکان مولانا حافظ محمد سلفی، مولانا اسددیوبندی،مولانا نذیر احمد نعیمی ،مولانا صابرنورانی،علامہ علی کرارنقوی،مفتی منیر احمد طارق ،مولانا فیروزالدین رحمانی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈائرکٹر جنرل وزارتِ ِ مذہبی اُمور نورسلام شاہ نے اہتمام اور رابطہ کار کے فرائض انجام دیئے۔چیف میٹریالوجسٹ محکمہٴ موسمیات عبدالرشید، سپارکو کے چیف منیجر اسپیس غلام مرتضیٰ ، پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد قریشی (جامعہ کراچی)نے فنی معاونت کی ۔ محکمہٴ موسمیات نے اجلاس کے انعقاد کے لئے انتظامی سہولتیں فراہم کیں ۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوئے ۔

کراچی ،لاہور ،اسلام آباد،راولپنڈی ، ہری پور، خوشاب ، پاکپتن ،جہلم ،ملتان،ساہیوال ، خیر پور سانگھڑاور ملک بھر سے کثیر شہادتیں موسول ہوئیں ،مرکزی کمیٹی کے تمام اراکین نے خود چاند دیکھا ،لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم رمضان المبارک 1437ئھ بروزمنگل 7جون کو ہوگا۔اجلاس کے آخر میں ملکی سلامتی کے لیے دعاکی گئی ۔