لوگ سندھ کی تقسیم کی باتیں کر رہے ہیں ،سید قائم علی شاہ

دراصل پاکستان توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں،سندھ کا اپنا آزادانہ اور پرا ناتشخص ہے،جس کو کسی بھی قیمت پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا،وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 7 جون 2016 09:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جون۔2016ء)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ جو لوگ سندھ کی تقسیم کی باتیں کر رہے ہیں وہ دراصل پاکستان کے توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں۔سندھ کا اپنا آزادانہ اور پرا ناتشخص ہے،جس کو کسی بھی قیمت پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز یونس آباد میں پل کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ،پاکستان نیوے کے کمانڈر فلیٹ وائیس ایڈمرل عارف الله حسینی،کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل فرخ احمد، کمشنر کراچی اعجاز علی خان،ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ برصغیر میں سندھ کا سب سے پرانا تشخص اور وجود ہے، جس کو کسی بھی قیمت پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا اور اس قسم کے مطالبات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

جو لوگ سندھ کی تقسیم کی بات کر رہے ہیں وہ دراصل پاکستان توڑنے کی بات کر رہے ہیں۔جسکو ہم نے سنجیدہ لیا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ برصغیر میں سندھ ہی وہ پہلا صوبہ تھا جن میں دوسرے صوبوں اور اسٹیٹ سے بہت پہلے پاکستان کے قیام کا مطا لبہ کیا تھا اور اسی سندھ صوبے میں پاکستان کی بنیاد کا پتھر رکھا ہے اور آج لوگ اپنی نام نہاد سیاسی اہمیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کیلئے سندھ کی تقسیم کی غیر ضروری باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ آپ کی سیاست نہیں بلکہ مایوسی ہے جو آپ کی باتوں اور تقاریر سے نظر آ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار انکے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرکے اپنے آپ کو بہت بہادر اور مضبوط لیڈر ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جبکہ سب جانتے ہیں کہ یہ انکی ہمت نہیں بلکہ یہ انکا کیچڑ ا چھالنا غیر اخلاقی و سیاسی کردارہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ انہوں نے کراچی شہر کی ترقیاتی کاموں کیلئے پہلے ہی 220ملین روپے فراہم کئے ہیں اور اسکے علاوہ شہر میں پانی کی قلت کے شکار علاقوں میں 1200پانی کے ٹینکر مفت دینے کیلئے خصوصی فنڈس جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا کردار ہے کہ ہم منصوبے اور اسکیم بناتے ہیں اور فنڈس جاری کرتے ہیں،ان پر کام شروع کرتے ہیں اور اسکے بعد عوام کو پیپلز پارٹی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہی دیتے ہیں تاکہ انکو آسانی ہو سکے۔

برائے مہربانی یہ پانی پرسیاست کرنا بند کریں۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی نے اپنی کارکردگی میں بہتری لائی ہے لیکن انکو مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی گنجائش ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ نے ہاکس بے جنکشن پر یونس آباد پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور اس کے ایم سی منصوبے کی مجموعی لاگت 194.815ملین روپے ہے اور 1.7کلو میٹر طویل یہ پل اور سڑک 6ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ یونس آباد پہنچے تو انہیں پاکستان نیو ی کے کمانڈر فلیٹ وائیس ایڈمرل عارف الله حسینی،کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل فرخ احمدنے خوش آمدید کہا ۔پل کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے منوڑہ کے مقام پر5لاکھ گیلن پانی کے آر او پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔اس موقعہ پر کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی فواد امین بیگ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منہوڑہ ایک بہت منفرد اور تاریخی جزیرہ ہے اور پاکستان نیوی اور مچھیرے ایک ساتھ رہتے ہیں۔

اس آر او پلانٹ سے نہ صرف نیول سوسائٹی کو صاف پانی کی سہولیات میسر ہونگی بلکہ منھوڑہ پر رہنے والی دیگر آبادی کو بھی پانی مل سکے گا، جس سے ملٹری اور سولین تعلق مزید مستحکم ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ریڈبیڈ سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کا بھی افتتاح کیا، جس سے سیوریج کے پانی کو صاف پانی میں تبدیل کیا جائیگا۔اس میں سیوریج کے پانی سے زہر یلا مادہ نکالکر اسکو سبزیوں کی کاشت کرنے میں استعمال کیلئے مفید بنایاجائیگا اور اسی ٹریٹمنٹ کی مدد سے کراچی کو ایک بار پھر سرسبز بنایا جائیگا۔

پاکستان نیو ی کے کمانڈر فلیٹ وائیس ایڈمرل عارف الله حسینی،کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل فرخ احمداور کیپٹن رضوان نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو پکچر گیلری کا دورہ کروایا جہاں پر انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اپنے وزارت عظمیٰ کے دوران پاکستان نیول اکیڈمی کے دوروں کی تصاویر دکھائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پی این اے میوزیم خاص طور پر پاکستان نیوی سب میرین فورس کی گیلری کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قومی دفاع کے معاملے میں پاکستان نیوی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی نے اپنے مقامی علاقوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور سولین کی تعلیم اور دیگر خد مات میں بھی تعاون کیا ہے۔میں آپ کی حمایت اور تعاون جاری رکھوں گا کیونکہ آپ نے قوم کی خدمت جاری رکھی ہے۔