اوپی ایف ہاؤسنگ سوسائٹی میگا کرپشن ،وزیر اعظم ہاؤس کا مقدمہ نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

وزیر اعظم ہاؤس کمیٹی نے او پی ایف ہاؤسنگ سوسائٹی میں بدعنوانیوں کا جائزہ لیا،کمیٹی کو میگا کرپشن کے واضع ثبوت مل گئے،ذرائع

پیر 6 جون 2016 09:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جون۔2016ء)اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں میگا کرپشن پروزیر اعظم ہاؤس نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک بار پھر سوسائٹی کا مقدمہ نیب کو بھیج دیا جائے ۔وزیر اعظم ہاؤس میں موجود کمیٹی نے فیصلہ کو عملی جامہ پہنا دیا ہے ۔خبر رساں ادارے کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں ایک کمیٹی قائم کی تھی جس نے او پی ایف کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ہونے والی بد عنوانیوں کا جائزہ لیا گیا تھا ،دو ماہ قبل کمیٹی ارکان نے ہاؤسنگ سوسائٹی کا دورہ بھی کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو میگا کرپشن کے واضع ثبوت مل گئے ہیں جس پر انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ میگا کرپشن کا کیس نیب کے حوالے کیا جائے ۔کمیٹی کو یہ بھی اطلاعات ہیں کہ چند سال قبل بھی نیب نے اسی سوسائٹی کی تفتیش کی تھی جس پرایک ڈائریکٹر نے پلی بار گین کے ذریعہ اپنی جان چھڑائی تھی مگر نیب نے انہیں رہاکرتے ہوئے واضع طور پر خط لکھا تھا کہ مذکورہ ڈائریکٹر کو کسی بھی ایسی سیٹ پر نہ لگایا جائے جہاں فنانس کا عمل دخل ہو مگر اندھیر نگری چوپٹ راج تو اس وقت شروع ہو گیا جب اسی ڈائریکٹر کو اسی سوسائٹی میں پرانی سیٹ پر ہی تعینات کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم ہاؤس کمیٹی کو تمام تر معلومات او پی ایف نے فراہم کر دی ہیں جس کی پاداش میں ایک بار پھر کیس نیب کو بھجوانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :