سابق چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کو وفاقی محتسب میں ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ

سعید احمد خان کیخلاف نیب میں پٹرول بحران،قومی خزانے کو نقصان پہنچانے سمیت کئی معاملات میں کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں

پیر 6 جون 2016 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جون۔2016ء)سابق چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کو وفاقی محتسب میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کا ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے سعید احمد خان گزشتہ ماہ اوگرا کے چیئرمین کے عہدہ سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں سعید احمد خان کے خلاف نیب میں پہلے ہی کرپشن تحقیقات ہو رہی ہیں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اوگرا ملازمین کو زیرو فیصد پر کار ایڈوانس دیا ہے ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے یو ایف جی کی شرح 4.5 فیصد سے بڑھا کر 9 فیصد کر دی تھی جس سے قومی خزانہ کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا تھا ان پرالزام ہے کہ اوگرا میں متعدد افراد کو اقربا پروری پر بھرتی کیا ہے اور بعض افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دی ہے ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے پشاور کی اے جے کے ٹیکسٹائل ملز کو ساڑھے چار کروڑ روپے کی گیس چوری کے مقدمہ میں فائدہ پہنچایا تھا۔

(جاری ہے)

سعید احمد خان کو گزشتہ سال پٹرول بحران کا بھی ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا ان کے خلاف ایف پی ایس سی میں ریفرنس بھی موجود ہے ان تمام حقائق کے باوجود وفاقی محتسب سلیمان فاروقی نے سعید احمد خان کو محتسب میں ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔