ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان سے آگے نکلنے کی خواہاں

ٹرائنگولر سیریز میں تمام 7 میچز جیت لیے تو آٹھویں سے پانچویں نمبر پرپہنچنے کا اعزاز ملے گا، دونوں ٹیموں سے ایک ایک میچ بھی جیتا تو نویں پوزیشن پر موجود گرین شرٹس سے فاصلہ چار پوائنٹس تک بڑھ جائے گا

جمعہ 3 جون 2016 09:16

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جون۔2016ء) ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان سے آگے نکلنے کی خواہاں ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے ٹرائنگولر سیریز میں پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش ہوگی،تمام 7 میچز جیت لیے تو آٹھویں سے پانچویں نمبر پرپہنچنے کا اعزاز ملے گا، دونوں ٹیموں سے ایک ایک میچ بھی جیتا تو نویں پوزیشن پر موجود گرین شرٹس سے فاصلہ چار پوائنٹس تک بڑھ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں ٹرائنگولر سیریز کا آغاز آج جمعے سے ہورہا ہے، 26 جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ٹرپل لیگ فارمیٹ کے تحت10 میچز کھیلے جائیں گے، اس وقت کیریبیئن ٹیم رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود تاہم اسے نویں پوزیشن پر موجود پاکستان پر صرف ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہے جسے بہتر بنانے کی کوشش ہوگی، آسٹریلیاسے وہ 36 اور جنوبی افریقہ سے24 پوائنٹس پیچھے ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے اگر ان ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل ہو تو ٹیم کو زیادہ قیمتی پوائنٹس حاصل ہوں گے۔ اگر کینگروز پوری سیریز میں ناقابل شکست رہے تو پانچ پوائنٹس کے اضافے سے129پر پہنچ جائیں گے، اسی طرح جنوبی افریقہ کو سیریز میں کلین سوئپ پر ملنے والے 6 پوائنٹس مجموعے کو 118 کردیں گے۔البتہ اگر ویسٹ انڈین سائیڈ سیریز میں فائنل سمیت تمام ساتوں میچ جیتے تو پھر ایک ساتھ 18 پوائنٹس کے اضافے سے اس کے 88 سے106 پوائنٹس ہوجائیں گے، یوں وہ رینکنگ میں بھی پانچویں نمبر پر پہنچ جائے گی۔ اگر کیریبیئن ٹیم آسٹریلیااور جنوبی افریقہ سے پوری سیریز میں صرف ایک ایک میچ بھی جیتے تب بھی پاکستان سے فاصلہ 4 پوائنٹس تک بڑھا لے گی۔

متعلقہ عنوان :