دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 3 اوپنرز، 2 اسپنرز شامل کرنے کی تجویز

تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ نے غیرملکی فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں ٹریننگ شروع کردی ہیڈکوچ مکی آرتھر اور کپتان مصباح الحق متفق ہوئے تو کراچی کے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف ذاکر کو شامل کیا جاسکتا ہے

جمعہ 3 جون 2016 09:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جون۔2016ء) دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 3 اوپنرز، 2 اسپنرز شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے ‘تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ نے غیرملکی فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں ٹریننگ شروع کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کوچ کی عدم موجودگی میں چاروں سلیکٹرز کے فیصلوں کے بارے میں انہیں فون پر بریفنگ دی گئی ‘چار ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم میں تین اوپنرز، چھ مڈل آرڈر بیٹسمین ،پانچ فاسٹ بولر اور دو اسپنرز کی شمولیت کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈکوچ مکی آرتھر اور کپتان مصباح الحق متفق ہوئے تو کراچی کے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف ذاکر کو شامل کیا جاسکتا ہے ‘آصف ذاکر انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،نیٹ سیشن میں انہوں نے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔اکبر رحمن بھی ون ڈے ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں،ٹیسٹ ٹیم کے ممکنہ اوپنرز میں خرم منظور، شان مسعود اور سمیع اسلم شامل ہیں۔مڈل آرڈر بیٹنگ میں یونس خان ،مصباح الحق، اظہر علی، اسد شفیق، افتخار احمد اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے نام ہیں۔اسپنرز میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر مضبوط امیدوار کے طورپر سامنے آئے ہیں ‘فاسٹ بولنگ کا شعبہ محمد عامر، وہاب ریاض ،عمران خان ، راحت علی اور احسان عادل پر مشتمل ہوگا۔