شیخوپورہ،بجلی لوڈشیڈنگ نے بس میں سوار70مسافروں کی زندگی بچالی

تیزرفتاربس ڈرائیورنے بس سڑک کنارے لگے بجلی کے ہائی وولٹیج پول سے ٹکرادی جوبس پرہی گرگیا،مسافروں نے سجدہ شکراداکیا

جمعہ 3 جون 2016 09:20

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جون۔2016ء)شیخوپورہ روڈ پر دھیردے کے قریب بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے بس میں سوار 70سے زائد مسافرو ں کو موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا۔ تیز رفتار بس ڈرائیور نے بس سڑک کنارے لگے بجلی کے ہائی وولٹیج پول سے ٹکرا دی جس سے وہ بس پر ہی الٹ گیا۔ مسافروں نے سجدہ شکر ادا کرکے اپنی منزل پر روانگی کر لی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شگر گڑھ سے فیصل آباد جانے والی جٹ برادرز کی مسافر بس نمبرMII-6917 جب مریدکے شیخوپورہ روڈ پر گاوٴں دھیر دے کے قریب پہنچی تو ڈرائیور نے جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو پختہ سڑک سے نیچے اتا ر کر اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور سڑک کنارے بجلی کے پول کو سہارا دینے والی تار کو روند ڈالا جس سے سیمنٹ کا بنا ہوا پول ٹوٹ کر بس کی چھت پر آن گرا۔

حادثہ سے چند لمحے قبل ہی لوڈ شیڈنگ کے باعث بجلی بند ہو ئی جس وجہ سے70سے زائد مسافر کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بننے سے بچ گئے۔ مسافروں نے بس سے اتر کر سجدہ شکر ادا کرکے اپنی منزل کی طرف روانگی کر لی۔ واپڈا حکام نے موقع پر پہنچ کر بس کی چھت سے اٹکے بجلی کے تار ہٹا کر نیا پول نصب کرکے علاقہ کی بجلی بحال کی۔

متعلقہ عنوان :