سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا، ڈاکٹر سلیمان بن عبداللہ

دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے،دہشت گرد پاکستان اور سعودی مملکت کے مشترکہ دشمن ہیں،سعودی وزیر مملکت برائے تعلیم کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

جمعہ 3 جون 2016 09:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جون۔2016ء )سعودی وزیر مملکت برائے تعلیم ڈاکٹر سلیمان بن عبداللہ نے کہاہے کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے۔ سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا ہے۔دہشت گرد پاکستان اور سعودی مملکت کے مشترکہ دشمن ہیں۔دہشت گردوں کو شکست دینا پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اورام القری یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی معاہدے کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سعودی وزیر کہا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے دنیا کا سخت ترین مالیاتی کنٹرول نظام نافذ کیا ہے۔سعودی عرب نے اپنی سرحدوں کے اندر سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے،ان کے خلاف خصوصی عدالتوں میں مقدمے چلائے گئے ہیں اور ان عدالتوں نے ان مجرموں کو قصور وار قرار دے کر سزائیں سنائی ہیں۔

(جاری ہے)

ان اقدامات کے علاوہ سعودی عرب دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی اور عسکری سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔

سعودی عرب نے اقوام متحدہ کو انسداد دہشت گردی مرکز کے قیام کے لیے گیارہ کروڑ ڈالرز کی گرانٹ دی تھی۔اس مرکز کے قیام کا مقصد انتہا پسندی کو پروان چڑھانے والی ذہنیت کو تبدیل کرنے کے لیے کوششیں کرنا اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی دہشت گردی مخالف جنگ میں صلاحیت کار کو بہتر بنانا ہے۔اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر اور رکن اسلامی نظریاتی کونسل مولانا علی محمد ابوتراب نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع خصوصا حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دے گا۔

دونوں ممالک میں اخوت کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، دوستی اور باہمی بھائی چارے کے اس تعلق کو دوام بخشیں گے۔اس موقع پر حاجی عبدالرزاق ،ڈاکٹر عبدالغفور راشد، پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی، حافظ بابر فاروق رحیمی، فخرالاسلام، حافظ عبدالغفار، ملک سلیمان، اسامہ عبدالکریم،کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے،تقریب کے بعد سعودی وزیر اپنے وفد کے ہمراہ وطن واپس روانہ ہو گئے۔