پنجاب پولیس نے اسلام آباد کی معروف مارکیٹ جناح سپر سے لڑکی اغوا کرلی

وفاقی پولیس نے مزاکرات کے بعد لڑکی کو پنجاب پولیس کے حوالے کرد یا، لڑکا ساتھ لے گئے

جمعرات 2 جون 2016 09:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جون۔2016ء) پنجاب پولیس نے گزشتہ شب اسلام آباد کی معروف مارکیٹ جناح سپر سے لڑکی اغوا کرلی، وفاقی پولیس نے مزاکرات کے بعد لڑکی کو پنجاب پولیس کے حوالے کرد یا، جبکہ لڑکا ساتھ لے گئے، تفصیلات کے مطابق منگل کی شب اسلام آباد کی معروف مارکیٹ جناح سپر سے پنجاب پولیس کے اہلکار ایک لڑکی کو اٹھاکر لے گئے، جبکہ لڑکی کے ساتھ موجود ایک لڑکے کو تھانہ کوہسار پولیس نے اپنے تحویل میں رکھ لیا ہے ، منگل کی شب ساڑھے 11 بجے کے قریب ایک سفید رنگ کی کرولا کار میں جناح سپر مارکیٹ میں ایک لڑکا اور لڑکی پیٹرول پمپ پر آئے، لڑکا گاڑی سے اتر کر پیٹرول پمپ کی ٹک شاپ سے کچھ خرید نے لگا، اسی دوران پنجاب پولیس کی ایک گاڑی آکر رکی اور اس میں موجود 10 سے 12 اہلکار اتر کر آئے اور انہوں نے لڑکے کو پکڑ کر مارنا شروع کردیا اور لڑکی کو بھی گاڑی سے اتار کر دھکے دیئے، دونوں کو پنجاب پولیس کی گاڑی میں بٹھایا گیا اسی اثناء قریبی تھانہ کوہسار کی پولیس بھی موقعہ پر پہنچ گئی اور انہوں نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو لڑکے اور لڑکی سمیت تھانے بلا لیا، جہاں رات گئے تک ان کے مذاکرات جاری رہے، واضح رہے کہ پنجاب پولیس کی گاڑی میں ایک شخص اور بھی موجود تھا، جس کی نشاندھی پر لڑکے اور لڑکی کو گرفتار کیا جارہا تھا، تاہم رات گئے تک مذاکرات جاری رہنے کے بعد لڑکی کو پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ لڑکے اور پنجاب پولیس کی گاڑی میں پہلے ہی موجود ایک شخص کو تھانہ کوہسار پولیس نے اپنے پاس رکھ لیا، بعد ازاں تھانہ کوہسار پولیس نے معاملے کو دباتے ہوئے ان دنوں کو تھانے سے غائب کر دیا ہے تاہم ان سے رشوت لے کر چھوڑ دیا گیا یا انہیں کہیں اور منتقل کر دیا گیا؟ اس کے بارے میں تھانہ کوہسار پولیس بتانے سے بالکل انکاری ہے، کوہسار پولیس تھانہ کے ڈیوٹی آفیسر سہیل کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور نہ ہی ہمارے علم میں ایسی کوئی بات ہے، واضح رہے کہ تھانہ کوہسار اور پیٹرول پمپ آپس میں بالکل جڑے ہوئے ہیں، پولیس اپنی بغل میں ہونیوالے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے، جبکہ تھانہ کوہسار کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود تھے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لڑکے اور لڑکی کا گاڑی سے ایک عدد بڑے سائز کا بیگ بھی برآمد کیا گیا تھا، جسے پنجاب پولیس کے اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے تھے، تھانہ کوہسار پولیس واقعہ کو دباء ہوتے تمام تر صورتحال سے بالکل انکاری ہے۔