الیکشن کمیشن،کیپٹن صفدر کے خلاف اثاثے چھپانے کے الزامات پر تحریری جواب طلب

سینیٹر لیاقت ترکئی ،عثمان ترکئی اور محمد علی کو نوٹسز جاری، 10جون کو طلب

جمعرات 2 جون 2016 09:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جون۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر کے خلاف اثاثے چھپانے کے الزامات پر تحریری جواب طلب کر لیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لیاقت ترکئی سینئر صوبائی وزیر عثمان ترکئی اور محمد علی کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں ان اراکین کے خلاف اے این پی کی رہنما بشری گوہر نے اثاثے چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے نااہلی کی استدعا کی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے 10جون کو طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف پی ٹی آئی کے نوابزادہ صلاح الدین کی نااہلی کی درخواست پر کیس کی سماعت کی اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر کے ووکلا نے پٹیشن کا جواب تیار کرنے کے لئے مذید وقت مانگ لیا جس پر کیس کی سماعت 15جون تک ملتوی کر دی گئی اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نوابزادہ صلاح الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کیپٹن صفدر نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیوی کے اثاثوں کی تفصیلات چھپائی ہیں لہذا ن کو نااہل کیا جانا چاہیے انہوں نے کہاکہ مجھے الیکشن کمیشن پر پورا اعتماد ہے الیکشن کمیشن نے اے این پی کی رہنما بشری گوہر کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر لیاقت ترکئی سینئر صوبائی وزیر عثمان ترکئی اور محمد علی کو بھی نوٹسز جاری کر دئیے ہیں اور انہیں 10جون کو جواب دینے کیلئے طلب کر لیا گیا ہے ۔