سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی سب سے لمبی اورگہری ریلوے سرنگ کا افتتاح

جمعرات 2 جون 2016 09:51

میونخ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جون۔2016ء) سوئٹزر لینڈ میں دنیا کی سب سے طویل اور گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح کردیا گیا ہے جس کی تعمیر پر 12 ارب 50 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک ہزار 200 کلو میٹر طویل کوہ ایلپس یورپ کا طویل ترین پہاڑی سلسلہ ہے جو یورپ کے 8 ملکوں آسٹریا، فرانس ، جرمنی، اٹلی، مناکو ، سلوینیا، سوئٹزر لینڈ اور لیکٹینسٹین کو ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے۔

اس پہاڑی سلسلے کو ان ملکوں کے درمیان تجارت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھا جاتا ہے، 19ویں صدی کے آخر میں یہاں پہلی ریلوے لائن بچھائی گئی تھی لیکن سامان تجارت کی زیادتی کی وجہ سے ریلوے لائن اور سڑک ناکافی ثابت ہورہی تھی۔1992 میں سوئٹزر لینڈ کے باشندوں نے ریفرنڈم کے ذریعے کوہ ایلپس کے آر پار ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 17 برس تک کسی بھی وقفے کے بغیر دن رات کام ہوا اور بالآخر اب اس کا افتتاح کردیا گیا ہے۔کوہ ایلپس میں دنیا کی سب سے بڑی اور گہری سرنگ تیار کی گئی جس کا نام گوٹہارڈ ریل لنک رکھا گیا ہے۔17 سال کی مدت میں تعمیر کی گئی اس سرنگ کی لمبائی 57 کلو میٹر سے زائد ہے اور اس پر 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کی لگت آئی ہے جو کہ لاطینی امریکی ملک نکاراگوا کی کل قومی آمدنی کے برابر ہے۔

اس سرنگ کی تیاری میں 40 لاکھ مکعب میٹر کنکریٹ استعمال کیا گیا ہے اگر اس کو لمبائی کی لمبائی میں کھڑا کیا جائے تو یہ امریکا کی امپائر اسٹیٹ بلڈنگ 84 گنا زیادہ طویل ہوجائیگی۔ اس سرنگ میں استعمال ہونے والے تانبے کی لمبائی 3 ہزار 200 کلو میٹر ہے جو کہ لندن اور نیویارک کے درمیان فاصلے کے برابر ہے جب کہ اس سرنگ سے یومیہ 3 لاکھ 77 ہزار ٹن سامان گزرے گا۔

متعلقہ عنوان :